0
Tuesday 28 Jan 2014 13:55

ملکی سلامتی و استحکام کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے ،شبیر ابوطالب

ملکی سلامتی و استحکام کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے ،شبیر ابوطالب
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کراچی کے ناظم اعلیٰ، نبی (ص) کے غلاموں کا شہر کراچی کے چیئرمین اور ممتاز مذہبی اسکالر محمد شبیر ابوطالب نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی، امن و استحکام اور ترقی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے، حکومت دہشتگردوں کے خلاف بلاامتیاز اور نتیجہ خیز کارروائی عمل میں لائے، کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں پر حملے تشویشناک اور لمحہ فکریہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں محافل میلاد کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شبیر ابو طالب نے کہا کہ ملک میں عظیم تر اتحاد اہلسنت وقت کی اہم ضرورت ہے اور جمعیت علماء پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر اس سلسلے میں اہم پیشرفت کر رہے ہیں جس سے ملک بھر میں اہلسنت متحد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات اسلام اور پاکستان کے خلاف ملک دشمنوں کی سازش ہیں لیکن ملک کے محب وطن عوام اور علماء مل کر ملک دشمن قوتوں کے ارادے خاک میں ملا دیںگے۔

شبیر ابو طالب نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی قائم کرکے ہی فرقہ واریت اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے جس کے لئے قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نورانی نے آخری دم تک کوششیں کیں اور ملک کے تمام مسالک کو باہم متحد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل ان کی اور ان کے رفقاء کی کاوشوں اور اخلاص کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کو موجودہ سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی قیادت میں فعال کیا گیا ہے اور انشاءاللہ وہ اپنی کاوشوں اور کوششوں سے تمام مسالک کے درمیان دوریوں اور نفرتوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ شبیر ابوطالب کا مزید کہنا تھا کہ نظام مصطفیٰ (ص) کا نفاذ ہی ملک کے امن اور سلامتی بقاء اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
خبر کا کوڈ : 345833
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش