QR CodeQR Code

دہشتگردوں میں تمغۂ شہادت تقسیم کرنیوالے انسانیت کے دشمن ہیں

جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کا سیاسی ونگ ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

عمران خان، فضل الرحمن، سمیع الحق اور منور حسن طالبان کو ہتھیار پھینکنے پر آمادہ کریں

28 Jan 2014 17:57

اسلام ٹائمز: لاہور میں ہنگامی اجلاس سے خطاب میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ بعض مذہبی قائدین اب بھی دہشتگردوں کو معصوم قرار دیتے ہیں، دہشتگردوں کے حامی اور ہمدرد پچاس ہزار شہداء کے ورثاء کے جذبات کو محسوس کریں، دہشتگردوں میں تمغۂ شہادت تقسیم کرنیوالے انسانیت کے دشمن ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان بچانے کیلئے امریکہ اور طالبان دونوں سے نجات ضروری ہے، دہشت گردوں کیخلاف آپریشن نہ ہوا تو شہداء کے ورثاء خود بدلہ لینے کا سوچ سکتے ہیں، شدت پسندوں کی مذاکراتی پیشکش نیا جھانسہ ہے، وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں نہ آنا غیر جمہوری طرزعمل ہے، وزیراعظم امریکہ اور طالبان دونوں سے ڈر رہے ہیں، جس کی وجہ سے فیصلہ کرنے میں تذبذب کا شکار ہیں، طالبانی سیاستدان قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد نہیں ہونے دیتے، دہشت گردوں کے حامی ایک طرف اور قوم دوسری طرف کھڑی ہے، ملک اور عوام دہشت گردی سے مزید نقصان اٹھانے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور جے یو آئی طالبان کا سیاسی ونگ ہیں۔ عمران خان، فضل الرحمن، سمیع الحق اور منور حسن طالبان کو ہتھیار پھینکنے پر آمادہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے تازہ حالات پر غور کے لیے بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ امن کیلئے دہشتگردوں سے جنگ ضروری ہے۔ دہشت گرد حکومت، میڈیا اور قوم کو خوفزدہ کرکے ملک توڑنا چاہتے ہیں، ریاست کو بچانے کا آخری موقع ہے، اس موقع کو گنوا دیا گیا تو پچھتانا پڑے گا، جزا و سزا کے مضبوط نظام سے ہی دہشت گردی اور جرائم کا خاتمہ ممکن ہے، پاکستان پلیٹ میں رکھ کر دہشت گردوں کو پیش کیا جا رہا ہے، دہشت گرد مذہبی لبادے میں خون کی ندیاں بہا رہے ہیں اور بعض مذہبی قائدین اب بھی دہشت گردوں کو معصوم قرار دیتے ہیں، دہشت گردوں کے حامی اور ہمدرد پچاس ہزار شہداء کے ورثاء کے جذبات کو محسوس کریں، دہشت گردوں میں تمغۂ شہادت تقسیم کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ ریاست کے باغیوں کے خاتمے کے لیے پہلا اور آخری آپشن جنگ ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پارٹی ارکان کی اکثریت کے مطالبے پر بھی آپریشن کا فیصلہ نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بے عمل اور کرپٹ حکمران ملک کو تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں، شیعہ سنی فساد نے بیرونی ایجنٹوں کیساتھ ساتھ کچھ پاکستانی فرقہ پرست عناصر بھی شامل ہیں، جن کو برین واشنگ کرکے فرقہ وارانہ قتل و غارت پر لگا دیا گیا ہے، بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے، ملک کو نفرتوں کے کانٹوں کی نہیں، محبتوں کے پھولوں کی ضرورت ہے، حکومت صدیوں سے قیمتی سال اور سالوں سے قیمتی دن تذبذب اور گومگو میں ضائع کر رہی ہے۔ اجلاس میں طارق محبوب، علامہ محمد شریف رضوی، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، سیّد جواد الحسن کاظمی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری، الحاج سرفراز احمد تارڑ، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مولانا وزیرالقادری، شیخ محمد ذوالفقار رضوی، پیر طارق ولی چشتی، صاحبزادہ مطلوب رضا، مفتی محمد حسین صدیقی، ارشد مصطفائی، اسد رفیق رضوی، صاحبزادہ حمید الدین رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 345958

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/345958/جماعت-اسلامی-اور-جے-یو-آئی-طالبان-کا-سیاسی-ونگ-ہیں-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org