0
Wednesday 29 Jan 2014 01:14

حکومت طالبان سے مذاکرات کے نام پر قوم کو دھوکہ دے رہی ہے، قوم صرف آپریشن چاہتی ہے، میجر محمد اقبال

حکومت طالبان سے مذاکرات کے نام پر قوم کو دھوکہ دے رہی ہے، قوم صرف آپریشن چاہتی ہے، میجر محمد اقبال
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن ضلع ملتان کے امیر میجر محمد اقبال چغتائی نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے۔ جو لوگ بے گناہ معصوم انسانوں کا قتل عام کررہے ہیں اور پورے ملک کو آگ و خون کے دریا میں تبدیل کردیا ہے ان کے ساتھ مذاکرات کرنے کی وجہ سمجھ سے باہر ہے۔ اب تو ایسے لگتا ہے کہ حکومت دہشت گردوں سے مذاکرات کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق اور دھوکہ کر رہی ہے۔ قوم یہ سوال کرنے پر مجبور ہے کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والوں کے ساتھ اتنی ہمدردی کیوں جتائی جا رہی ہے اور ان کے ساتھ مذاکرات کیلئے کیا مجبوری درپیش ہے۔ اگر ان قاتلوں سے مذاکرات جائز ہیں تو پھر وہ ہزاروں لاکھوں قاتل جو جیلوں میں قتل کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں ان کا کیا قصور ہے کہ وہ اتنے سالوں سے جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔ پھر تو قتل کے ہر مجرم کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں۔ اگر حکومت نے دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کئے تو یہ ان کی طاقت کو تسلیم کرنے کے مترادف ہوگا اور قوم یہ سمجھے لے گی کہ حکومت دہشت گردوں کے سامنے جھک گئی ہے۔ دنیا کا کوئی قانون اور ہمارا دین کسی بھی صورت باغی اور قاتلوں سے رعایت کی اجازت نہیں دیتا۔

تحریک منہاج القرآن ضلع ملتان کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ختم کرنے کیلئے وژنری اور جرات مند قیادت کی ضرورت ہے جس کے نہ ہونے کی وجہ سے پوری قوم دہشت گردوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنی ہوئی ہے۔ اگر قوم ان دہشت گردوں سے نجات چاہتی ہے اور معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتی ہے تو اسے ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں انقلاب کیلئے باہر نکلنا ہوگا اور مصطفوی انقلاب کیلئے ہر قسم کی قربانی دینا ہوگی تاکہ اس ملک میں عدل و انصاف پر مبنی نظام نافذ کیا جاسکے۔ اجلاس میں ممتازنون، رائو عار ف رضوی، پروفیسر جاویداختر زواری، مصباح اسحاق، رائو وقاراحمد، یاسر ارشاد، چوہدری محمد اکرم گجر نمبردار، فخر الامین، غلام حسین کھوکھر، احسان سعیدی، مہر فدا حسین، غلام رسول غازی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 346091
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش