0
Thursday 30 Jan 2014 00:01

عوام دہشت گردی، مہنگائی، توانائی بحران کے ہاتھوں اوندھے منہ گر چکے ہیں، شیخ زاہد فیاض

عوام دہشت گردی، مہنگائی، توانائی بحران کے ہاتھوں اوندھے منہ گر چکے ہیں، شیخ زاہد فیاض
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکز ی صدر شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان زخمی ہے، جہالت، غربت، مہنگائی، دہشت گردی اور کرپشن کے ساتھ لسانیت، صوبائیت، فرقہ واریت، حکمرانوں اور سیاستدانوں کی خود غرضی سرطان کی مانند اس مملکت خداداد کو ختم کرنے کے درپے ہے۔ پورا ملک سیاسی و مذہبی دہشت گردی کی زد میں ہے۔ نام نہاد جمہوری حکومت نے انتخابی وعدوں پر بالکل بھی عمل نہیں کیا۔ عوام توانائی کے بحران اور منہ زور مہنگائی کے ہاتھوں اوندھے منہ گر چکے ہیں۔ لوگ اپنی جان بچانے کی خاطر بھوک، افلاس سے تنگ آ کر ڈاکے، چوری اور لوٹ مار کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ بے روزگاری اور مہنگائی پر قابو پانا اور امن وامان فراہم کرنا ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے مگر افسوس ہمارے حکمران اور سیاستدان اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کلیتاً ناکام ہو چکے ہیں۔

وہ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے میڈیا کوارڈینیٹر رائو محمد عارف رضوی سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون لاہور میں ملاقات کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام، سیکرٹری کوارڈینیشن پنجاب ذوالفقار علی ایڈووکیٹ، ساجد علی بھٹی، عین الحق بغدادی اور دیگر بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ جس ملک میں بنیادی ضرورتوں کی فراہمی ہو نہ عدل و انصاف ہو اور نہ ہی قانون کی حکمرانی ہو وہاں بد امنی اور مایوسی کے سوا اور کیا ہو سکتا ہے۔ معاشرے میں اس شکست اور انتشار کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے۔ افسوس کہ ہم 66سال گزرنے کے باوجود بھی قوم نہ بن سکے۔

شیخ زاہد فیاض نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر فرد اپنے سیاسی، سماجی شعور کو بلند کرے اور معاشرے میں ہونیوالی انفرادی اور اجتماعی زیادتیوں اور ملکی مفادات کی سرعام نیلامی پر خاموشی اختیار کرنے کی بجائے اپنا مضبوط کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ایک کروڑ نمازیوں کی صف میں شامل ہو کر قافلہ عزم و یقین کا حصہ بننا ہو گا۔ جب ایک کروڑ نمازیوں کی جماعت قائم ہو گی تو لٹیرے حکمران اور استحصالی نظام خس و خاشاک کی طرح بہتے نظر آئینگے۔ اگر آج ہم نے قومی تعمیر کیلئے گھروں سے نہ نکلے تو مستقبل میں ہم اجتماعی غفلت کے جرم میں مجرم ٹھہرائے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 346487
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش