0
Thursday 30 Jan 2014 17:26

مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو آپریشن کا آپشن موجود ہے،رانا ثناء اللہ

مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو آپریشن کا آپشن موجود ہے،رانا ثناء اللہ
اسلام ٹائمز۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ آپریشن سے متعلق میرا بیان غلط شائع کیا گیا جس کی تردید کر چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسائل جنگ وجدل کے بغیر مذاکرات سے حل ہو جاتے ہیں تو اس سے اچھی کوئی بات نہیں، طالبان اس چیز کو پیش نظر رکھیں کہ وزیراعظم نے سنجیدگی کیساتھ مذاکرات کی پیشکش کی ہے اور طالبان کی جانب سے بھی مذاکرات میں سنجیدگی سے حصہ لینے کے اشارے آئے ہیں، انہیں وزیراعظم کے بیان کو سنجیدگی سے لینا چاہئے کہ مذاکرات اور دہشتگردی اکٹھے نہیں چل سکتے۔ اس دوران اب دہشتگردی کا کوئی واقعہ نہ ہو، اگر طالبان اس بات کو سمجھ لیتے ہیں تو 50 فیصد مسئلہ حل ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو قومی لیڈرشپ،سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ہو گا کیونکہ آپریشن کا آپشن تو ہر وقت رہتا ہے لیکن مذاکرات کے دوران آپریشن کی بات نہیں کی جانی چاہئے اس سے مذاکرات سبوتاژ ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جیلوں کی سکیورٹی فول پروف کر رکھی ہے، جیلوں میں قید اہم دہشت گردوں کا فیصلہ قانون کے مطابق ہو گا۔ انہوں نے مذاکرات کیلئے قائم کمیٹی کے حوالے سے بلاول کے بیان پر کہا کہ انہوں نے انتہائی نامناسب بات کی ہے، مذاکرات سے قبل منفی باتیں نہیں پھیلائی جانی چاہیے۔ خورشید شاہ اپوزیشن لیڈر ہیں انکی بات کو اہمیت ملنی چاہیے لیکن بلاول کی سوچ بچگانہ ہے انکے بیانات کی کوئی اہمیت نہیں، بلاول ابھی سیاست سیکھ رہے ہیں لیکن جو انکے سیاسی مشیر ہیں انہیں چاہیے کہ انکی بہتر تربیت کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش تھی کہ دہشتگردوں کو ایک اور موقع ملنا چاہیے اور انکا دیرینہ مطالبہ پورا ہے، وہ بہت سالوں سے (ن) لیگ سے ناراض چلے آ رہے ہیں اگر وہ خوش ہوئے ہیں تو یہ ہمارے لئے بھی خوشی کی بات ہے لیکن اب انہیں دھرنا سیاست پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے چھوڑ دینا چاہیے۔ انہوں نے ذوالفقار کھوسہ کی شادی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے اس بارے قطعاً کوئی علم نہیں لیکن اگر انکی طرف سے شادی کے سلسلہ میں کسی بھی منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تو اسے قبول کر لوں گا۔
خبر کا کوڈ : 346719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش