QR CodeQR Code

بلوچستان میں پائیدار امن کیلئے صوبائی سطح پر بااختیار کمیٹی بنائی جائیگی، میاں محمد نواز شریف

30 Jan 2014 22:58

اسلام ٹائمز: گورنر ہاؤس کوئٹہ میں چیف سیکرٹری بلوچستان کا اعلٰی حکام کو بریفنگ میں کہنا تھا کہ زائرین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ جس کے ذریعے انہیں کوئٹہ لایا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف جمعرات کو خصوصی طیارے کے ذریعے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر کے ہمراہ دورہ کوئٹہ کے لئے پہنچ گئے۔ کوئٹہ پہنچنے پر وزیراعظم پاکستان کا وزیراعلٰی بلوچستان سمیت صوبائی وزراء نے استقبال کیا۔ بعدازاں انہیں ائیرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے خالد ائیربیس پہنچایا گیا۔ جہاں سے وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف اور امن و امان کی بحالی کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کے یادگار گئے اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، گورنر محمد خان اچکزئی، وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، کورکمانڈر، پشتونخوامیپ کے چئیرمین محمود خان اچکزئی، سینیٹر میر حاصل بزنجو، وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور دیگر کے ہمراہ شہداء کے مزار پر پھول چڑھائے اور شہداء کی درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ اس کے بعد وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سدرن کمانڈ گئے۔ جہاں امن و امان پر گفتگو ہوئی اور اس ضمن میں صوبائی حکام سے اجلاس بھی ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ بعدازاں وزیراعظم گورنر ہاؤس بلوچستان پہنچے۔ اس موقع پر شہر بھر میں سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے۔ ائیر پورٹ سے شہر تک سڑک کے دونوں جانب پولیس، بلوچستان کانسٹیبلری، اینٹی ٹیررسٹ فورس اور ایف سی کے جوان تعینات تھے جبکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی جاری رہی۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لوکل بسوں اور ہر طرح کی ٹریفک کا زرغون روڈ اور ملحقہ شاہراہوں میں داخلہ بند کر دیا گیا تھا۔

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا صوبے میں امن و امان کے حوالے سے اعلٰی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سیاسی قیادت کی مشاورت سے صوبائی سطح پر ایک بااختیار کمیٹی بنائی جائیگی۔ جو مفاہمت کا عمل شروع کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح مرکز میں مذاکرات کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اسی نوعیت کی ایک کمیٹی بلوچستان میں بھی قائم کی جائے۔ جس میں تمام سیاسی قیادت کی مشاورت حاصل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مفاہمت کا عمل شروع کرنے کیساتھ ساتھ بلوچستان میں بے روزگاری کے خاتمے اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان اور ایف سی کو مزید فعال بناتے ہوئے ان کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جس میں بتایا گیا کہ زائرین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں جس کے ذریعے انہیں کوئٹہ لایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی وزیراعلٰی بلوچستان، کمانڈر سدرن کمانڈ، آئی جی ایف سی بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 346816

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/346816/بلوچستان-میں-پائیدار-امن-کیلئے-صوبائی-سطح-پر-بااختیار-کمیٹی-بنائی-جائیگی-میاں-محمد-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org