QR CodeQR Code

دھماکوں کے ذریعے طالبان نے مذاکرات میں اپنی پوزیشن مستحکم بنا لی ہے، سید منور حسن

2 Feb 2014 19:41

اسلام ٹائمز: معروف مذہبی سیاسی جماعت کے امیر کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان بارود کا ڈھیر ہے، آپ اس پر گولیاں برسائیں گے تو اس میں لگی آگ اتنی دور تک پھیل جائے گی کہ جس پر قابو پانا مشکل ہو گا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے قومی اخبار کو انٹرویو میں وزیرستان میں آپریشن یا مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے  اس سوال کے جواب میں کہ اگر مذاکرات کی بجائے ملٹری آپریشن کی راہ اختیار کی جاتی ہے، خصوصاً شمالی وزیرستان میں تو جماعت اسلامی کا لائحہ عمل کیا ہو گا؟ کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے شمالی وزیرستان میں جو جیٹ طیاروں نے حملے کئے ہیں وہ کیا ہیں، اس کا مطلب تو صاف ظاہر تھا کہ آپریشن شروع ہو چکا ہے لیکن یہ آپریشن سوات، بونیر، جنوبی وزیرستان جیسا نہیں ہو سکتا۔ شمالی وزیرستان بارود کا ڈھیر ہے، آپ اس پر گولیاں برسائیں گے تو اس میں لگی آگ اتنی دور تک پھیل جائے گی کہ جس پر قابو پانا مشکل ہو گا اور یہ بات آپ یا میں اتنی نہیں جانتے جتنی حکومت اور فوج جانتی ہے۔ آپریشن سے لڑائی پورے ملک میں پھیل جائے گی۔ زیادہ بہادری کی صورت میں آگے بزدلی ہاتھ باندھے کھڑی ہو جاتی ہے اور ہتھیار ڈالنے پڑتے ہیں۔ آپریشن سے طالبان کی سرگرمیوں کو محدود نہیں کیا جا سکتا۔ اس لئے اس سے بچنا چاہیئے اور اس میں کسی احساس شکست کو جنم بھی نہیں دینا چاہیئے۔

اس سوال کے جواب میں کہ جب مذاکرات کی بات ہونے کے باوجود طالبان کی طرف سے حالیہ حملوں میں تیزی کیوں آئی؟ سید منور حسن نے واشگاف انداز میں کہا کہ میرے خیال میں دہشت گردی کی حالیہ لہر طالبان کی طرف سے ممکنہ مذاکرات میں اپنی پوزیشن کو مستحکم بنانے کی کوشش تھی۔ انکا کہنا تھا کہ مقتدر اور حکمران لوگ جس میں فوج بھی شامل ہے، ان سب کو پتہ ہے کس سے مذاکرات کرنا ہیں، کتنے گروپ ہیں؟ ایک گروپ کے پیچھے 6-6 گروپ ہیں۔ آپ اگر ایک گروپ سے مذاکرات کرتے ہیں تو 6 خود بخود چل کر آ جائیں گے۔ حکومت کی غیر سنجیدگی نے ہی ایسے سوالات پیدا کئے اور دہشت گردی میں اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب پارٹیوں نے متفقہ طور پر پہ کہہ دیا کہ طالبان سے مذاکرات کیے جائیں تو اس کی دلیل بھی واضح تھی۔ پانچ چھ گھنٹے کی طویل بحث کے نتیجے میں جو سوالات ہو سکتے تھے، وہ بھی اس کے اندر آ گئے تھے۔ سب پارٹیوں نے متفقہ طور پر مذاکرات کی بات کہی اور کہا کہ ناکامی کی صورت میں طاقت کا استعمال کیا جائے گا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ حکومت نے بےحسی اور عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 347731

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/347731/دھماکوں-کے-ذریعے-طالبان-نے-مذاکرات-میں-اپنی-پوزیشن-مستحکم-بنا-لی-ہے-سید-منور-حسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org