0
Monday 3 Feb 2014 00:00

مکا دکھا کر قوم کو چیلنج کرنے والا آمر عدالت میں پیشی سے گھبرا رہا ہے، مولانا عبدالغفور حیدری

مکا دکھا کر قوم کو چیلنج کرنے والا آمر عدالت میں پیشی سے گھبرا رہا ہے، مولانا عبدالغفور حیدری
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر مملکت اور جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کا مستقبل تاریک ہے، پرویز مشرف قومی مجرم ہے جسے بھاگنے نہیں دیا جائیگا، مکا دکھا کر قوم کو چیلنج کرنے والا آمر آج عدالت میں پیشی سے گھبرا رہا ہے، ہم حکومت کا حصہ ہیں، نواز حکومت نے ہمیں ابھی تک ”قلم“ دیا ہے ”دان“ کونسا دیتے ہیں یہ وہی بتا سکتے ہیں، آصف علی زرداری سندھ فیسٹول کرا کر بلاول بھٹو ”بچے“ کا دل بہلا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی مکہ مکرمہ کے جنرل سیکریٹری مولانا غلام رسول مینگل، حاجی نظیر احمد مینگل سے انکے بھائی منیر احمد مینگل کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ خود کو بہادر کہنے والا آمر پرویز مشرف وردی اتارنے کے بعد بزدل ثابت ہوا ہے اور وہ عدالت میں پیش ہونے سے گھبرا رہا ہے مگر قومی مجرم کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حامی ہیں، حکومت کے ساتھ اسمبلی اور اسمبلی کے باہر مکمل تعاون کرینگے، طالبان سے مذاکرات کیلئے بنائی جانے والی حکومتی کمیٹی پر ہمیں مکمل اعتماد ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ وہ مذاکرات میں کامیاب ہوں۔ مولانا حیدری ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس پر ہمیں بہت سے تحفظات ہیں جس کیلئے ہم نے وکلاء اور ماہرین کی ٹیم تشکیل دی ہے جو قرآن و سنت، قانون و انسانی حقوق کے حوالے سے اس کا جائزہ لے رہی ہے۔ بلاول بھٹو کے متعلق انہوں نے سوال کے جواب میں کہا کہ بلاول بھٹو ابھی بچہ ہے اور جوان خون ہونے کی وجہ سے وہ طالبان سے جنگ کی باتیں کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو ملک میں امن نہیں لڑائی چاہتے ہیں وہ الٹے سیدھے بیان دیکر طالبان کے ساتھ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں البتہ پی پی نے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 347780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش