QR CodeQR Code

سابق آمر کیخلاف مقدمہ چلایا جاسکتا ہے تو دہشتگردوں کیخلاف کیوں نہیں، سید محمد رضا

3 Feb 2014 03:43

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں پیامِ شُہداء و اتحاد ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ جو وزیراعظم خود سعودی عرب کے پیسوں پر پلتا ہو، بھلا وہ دوسروں کو کیا دے سکے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رکن بلوچستان اسمبی سید محمد رضا رضوی نے کہا ہے کہ آج چند قوتوں کو یہ گمان تھا کہ کوئٹہ میں منعقد ہونے والی کانفرنس شدید بارش کی وجہ سے ملتوی ہوجائے گی اور اس ضمن میں مجھے کافی فون کالز بھی موصول ہوئی۔ لیکن میں نے سبھی سے یہی کہا کہ حسینیت ایک ایسا جذبہ ہے جس کی تپش بارش تو کیا طوفان میں بھی قیام کا حوصلہ فراہم کرتی ہے۔ میں نے آپ سے کہا تھا کہ کوئٹہ میں کسی بھی صورت میں‌ ہم پاکستان دوست قوتوں کا اجتماع منعقد کرکے دکھائیں گے۔ چند روز قبل جب وزیراعظم میاں محمد نواز شریف صاحب کوئٹہ تشریف لائے تو گورنر ہاؤس میں تمام اراکین اسمبلی کو اپنا چہرہ دکھایا۔ اس اجلاس میں تمام اراکین  وزیراعظم سے گیس، بجلی، پانی سمیت دیگر وسائل مانگنے لگے۔ انہیں ایک بھکاری سے بھیک مانگتے ہوئے ذرا بھی شرم نہیں آئی۔ جو وزیراعظم خود سعودی عرب کے پیسوں پر پلتا ہو، بھلا وہ کیا دوسروں کو کچھ دے سکے گا۔ میں نے وہاں وزیراعظم میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر لوگ آپ سے زندگی کے بنیادی وسائل کیلئے سوال کر رہے ہیں، لیکن میں آپ سے کس چیز کا تقاضا کروں جب آپ ہمیں جینے کا حق تک نہیں دے سکتے۔

آغا رضا نے مزید کہا کہ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ دہشتگردوں کی بجائے مظلوم عوام کا ساتھ دیں۔ یہ مُٹھی بھر دہشتگرد عناصر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ میں نے ان سے سوال کیا کہ جب ایک سابق آمر پر کورٹ میں مقدمہ چلایا جاسکتا ہے، تو پھر ملک دشمن دہشتگردوں کیخلاف مقدمہ کیوں چلایا نہیں جاتا۔ ستم بالائے ستم تو یہ ہے کہ اب انہی طالبان سے مذاکرات کیلئے طالبان کو بھیجا جارہا ہے، لیکن ہم آج ان تمام قوتوں کیلئے واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کو بچانے کیلئے ان دہشتگردوں کیخلاف ہمیں کسی بھی حد تک جانا پڑے، تو ہم اس سے گریز نہیں کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 347811

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/347811/سابق-آمر-کیخلاف-مقدمہ-چلایا-جاسکتا-ہے-دہشتگردوں-کیوں-نہیں-سید-محمد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org