QR CodeQR Code

ہزاروں شہدا کی قربانیوں سے کشمیر بہت جلد آزاد ہو گا، آل پارٹیز کانفرنس

3 Feb 2014 20:53

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام کانفرنس سے مقررین کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے امریکہ کے کہنے پر ایسے اقدامات اٹھائے کہ جن کی وجہ سے آزادی کشمیر اور کشمیر ی مسلمانوں کو نا قابل تلا فی نقصان کا سامنا کر نا پڑا۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے پاکستان کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو یک زبان ہو کر بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھانی ہو گی بھارتی حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں اور کشمیر کو خالی کر دیں، آزادی اور خود مختاری کشمیریوں کا حق ہے، شہداء کشمیر کا خون رنگ لائے گا اور کشمیر کی زمین کشمیریوں کے لیے ایک پرامن اور باہمی چین و سکون کی جگہ میں تبدیل ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے زیراہتمام بلائی گئی اے پی سی میں شامل رہنماؤں نے کیا، جن میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر وسیم اختر، نائب امیر، امیرالعظیم، مسلم لیگ ن کے رہنما میاں مرغوب احمد، شیعہ علما کونسل کے نائب صدر علامہ کاظم رضا، علامہ زبیر احمد ظہیر، فرید احمد پراچہ نذر رحمان رانا، پیپلز پارٹی کے رہنما غلام محی الدین دیوان، جماعت اہلسنت کے رہنما شفیق رضا قادری، ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے صوبائی نائب صدر علامہ حسین احمد عوان، چیئرمین پاکستان شیعہ پولیٹیکل پارٹی سید نوبہار شاہ، سید علی غضنفر کراروی، جنرل سیکرٹر ی جمعیت علماء پاکستان علامہ سیف الدین سیف، محمد نوید انجم، فصیح الدین بیگ، ضمیر رانا، پیر اعجاز ہاشمی، حافظ عبدالغفار روپڑی اور دیگر شامل ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔ ہزاروں کشمیریوں کی جانوں کے نذرانوں کے بدلے انشاءللہ کشمیر بہت جلد آزاد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو حکمران جتنی بھی جلد اس نوشتہ دیوار کو پڑھ لیں اتنا ہی تمام فریقین کے فائدے میں ہے۔ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہرگز نہیں بلکہ تقسیم ہند کے فارمولے کے تحت کشمیری عوام کو حق خوداردیت حاصل ہے جب کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں ان کا یہ بنیادی حق واضح الفاظ میں دیا گیا ہے لیکن بھارتی حکمران روز اول سے ہی کشمیریوں کے ان بنیادی حقوق سے انکاری ہیں۔ امیر جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پانچ فروری کو دنیا بھر میں یہ پیغام جاتا ہے کہ کشمیر اور پاکستان یک جان ہیں اور ان کو کوئی طاقت الگ نہیں کر سکتی انہوں نے کہا کہ لاہور ہمیشہ سے تحریک آزادی کشمیر کا پشتیبا ن رہا ہے لاہور وہی کردار ادا کرے جو اس نے ہمیشہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ایک مرتبہ پھر 5 فروری آ رہا ہے ہمیں امید ہے اس مرتبہ پہلے سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے امریکہ کے کہنے پر ایسے اقدامات اٹھائے کہ جن کی وجہ سے آزادی کشمیر اور کشمیری مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کے لیے پاکستان کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو یک زبان ہو کر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانی ہو گی۔ اے پی سی سے اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسیم اختر نے کہا کہ 1948 سے کشمیر کی آزادی کی بات مختلف فورم پر چل رہی ہے جوکہ کبھی تیزی اور کبھی سست روی کا شکار ہوتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ضمیر نام کی کوئی چیز دنیا کے اندر موجود نہیں ہے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اعزاز ہمیشہ جماعت اسلامی کو حاصل رہا ہے کہ اس نے مسلہ کشمیر سمیت امت مسلمہ کے تمام مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔

شیعہ علما کونسل کے نائب صدر علامہ حافظ کاظم رضا نے کہا کہ شہداء کشمیر کا خون رنگ لائے گا اور کشمیر کی زمین کشمیریوں کیلئے ایک پرامن اور باہمی چین و سکون کی جگہ میں تبدیل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سات لاکھ بھارتی افواج کشمیریوں کا خون بہا رہی ہے لیکن مقام صد افسوس ہے کہ اقوم متحدہ، او آئی سی اور پاکستانی حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی میاں صہیب مرغوب نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ملک بھر کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ہندو بنیا سے کشمیر کی آزادی پر متفق ہیں، حکومت پاکستان اس مسئلے پر جماعت اسلامی کے ساتھ مکمل تعاون کر ے گی۔


خبر کا کوڈ: 348052

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/348052/ہزاروں-شہدا-کی-قربانیوں-سے-کشمیر-بہت-جلد-آزاد-ہو-گا-آل-پارٹیز-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org