0
Monday 3 Feb 2014 21:25

کراچی، ابراہیم حیدری میں پولیس موبائل پر فائرنگ، 4 اہلکار شہید

کراچی، ابراہیم حیدری میں پولیس موبائل پر فائرنگ، 4 اہلکار شہید
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری میں دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے 4 اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ پولیس کے مطابق ابراہیم حیدری کے علاقے میں دہشتگردوں موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے چار اطراف سے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ جناح اسپتال کی انچارج شعبہ حادثات ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی جاں بحق ہو چکے تھے۔ انچارج شعبہ حادثات کے مطابق پولیس اہلکاروں کے جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں لگیں، جاں بحق افراد کی شناخت محمد علی، دیدار، اختر اور محمد فراز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے ابراہیم حیدری میں پولیس موبائل پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی ابتدائی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ گورنر سندھ نے آئی جی کو واقعے میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی جبکہ جاں بحق اہلکاروں کے لواحقین سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
 
واضح رہے کہ رواں سال کراچی شہر میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر دہشتگردوں کی جانب سے حملوں میں تیزی آگئی ہے، خود کش حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں درجنوں سیکیورٹی اہلکار شہید ہو چکے ہیں اور اب تک فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں 32 پولیس اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ حکومت سندھ نے شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال کو جواز بناکر عام شہریوں کے استعمال میں آنے والی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا رکھی ہے لیکن شہر قائد میں امن کے دشمن ان ہی موٹرسائیکلوں پر آزادانہ گھوم کر ایک طرف قتل وغارتگری کا بازار گرم رکھے ہوئے ہیں تو دوسری جانب سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کا بھی مذاق اڑا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 348062
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش