QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی نے دھاندلی کے بل بوتے پر سندھ کو دوبارہ فتح کیا، ارباب غلام رحیم

4 Feb 2014 13:27

اسلام ٹائمز: سندھ فیسٹیول پر تنقید کرتے ہوئے نواز لیگ کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ سندھ فیسٹول کے نام پر جو کیا جا رہا ہے وہ سندھ کا نہیں جیالوں کا کلچر ہے، موئن جو دڑو کے آثار قدیمہ سے عبرت حاصل کرنی چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ سندھ فیسٹول کے نام پر جو کیا جا رہا ہے وہ سندھ کا نہیں جیالوں کا کلچر ہے، موئن جو دڑو کے آثار قدیمہ سے عبرت حاصل کرنی چاہیے نہ کہ رقص و سرور کی محفلوں کیلئے ان کو تباہ کیا جائے۔ اپنے ایک بیان میں ارباب غلام رحیم نے کہا کہ موئن جو دڑو میں فیسٹول کا آغاز سندھی زبان سے نہیں بلکہ انگریزی سے کیا گیا اور اس میں اردو اور پنجابی گانوں کی بھرمار رہی، دوسرے صوبوں سے تو فنکار بڑی تعداد میں بلائے گئے لیکن سندھ کے فنکاروں کو سندھ دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے بے عزت کرکے واپس کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سندھ کے مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے اس قسم کے جشن منائے جا رہے ہیں تاکہ قوم پرستی کا سہارا لے کر اور مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں کے کھوکھلے نعرے لگا کر لوگوں کو مشتعل کیا جائے اور پی پی اپنی ساکھ بحال کر سکے۔ مرکزی رہنما نواز لیگ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے دھاندلی کے بل بوتے پر سندھ کو دوبارہ فتح کیا اور اب جشن منایا جا رہا ہے۔ ارباب غلام رحیم نے کہا کہ موقع پرستوں کو جب ضرورت ہوتی ہے تو وہ مہاجر پنجابی اور بلوچ بھائی بھائی کے نعرے لگاتے ہیں اور مفاد پورا ہونے پر نفرت پھیلاتے ہیں، عوام اب ایسے کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔


خبر کا کوڈ: 348199

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/348199/پیپلز-پارٹی-نے-دھاندلی-کے-بل-بوتے-پر-سندھ-کو-دوبارہ-فتح-کیا-ارباب-غلام-رحیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org