0
Wednesday 5 Feb 2014 19:04

نواز لیگ کی قیادت مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی، رہنما

نواز لیگ کی قیادت مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی، رہنما
اسلام ٹائمز ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کشمیر کا مسئلہ ہر فورم پر اٹھایا ہے اور وہ اس کا پُرامن اور دیرپا حل چاہتے ہیں۔ اقوام عالم جاگے اور کشمیریوں کو اُن کا حق خوداردیت دیا جائے تاکہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کر سکیں۔ کشمیر کا ایشو ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ممبر قومی اسمبلی ملک پرویز اور ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے آج چیئرنگ کراس میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یک جہتی کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر (ن) لیگ کے سینئر رہنما و چیئرمین لاہور میٹرو بس خواجہ احمد حسان، ممبران صوبائی اسمبلی ماجد ظہور، باؤ اختر، رمضان صدیق بھٹی، محسن لطیف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر عہدیداروں اور شہریوں کی بھاری تعداد موجود تھی۔

ملک پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کشمیریوں کی آواز کو ہر فورم پر اٹھایا ہے اور وعدہ کیا ہے کہ (ن) لیگ قیادت اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جنگ کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آبی جارحیت کر رہا ہے اور وہ پاکستان کا پانی روک کر ڈیم بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو عالمی قوانین کے تحت رہنے کا حق دیا جائے اور ہم کسی کو اپنے حقوق غضب کرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم بند کئے جائیں۔ انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج تجدید عہد اور کشمیریوں سے یک جہتی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور رہے گا۔ جو لوگ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کہتے ہیں وہ نہ صرف اپنے آپ بلکہ پوری دنیا کو دھوکا دے رہے ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ احمد حسان نے کہا کہ ہمارے پہلے دور میں جب بھارت کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر آتے تھے تو اُس وقت بھی کشمیر کا معاملہ سرفہرست تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کشمیر کے لوگ چاہتے ہیں اس طرح معاملہ حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت ہونی چاہیے اور اس میں سب کا فائدہ ہے لیکن کشمیر کی آزادی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندہ سید فیض حسین نقشبندی نے میڈیا سے گفتگو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف کشمیری عوام کو حق خودادادیت دینے میں ہے۔ تجارت، آمدورفت کی سہولت اور وادی کے اندر الیکشن درحقیقت مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل میں معاون ثابت نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں الیکشن کروا کر اور تجارت کی راہیں کھول کر اقوام عالم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 348702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش