0
Wednesday 5 Feb 2014 19:32

افغانستان میں تربیت پا کر پاکستان میں داخل ہونیوالے دہشتگردوں نے ملک میں قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے، حافظ محمد سعید

افغانستان میں تربیت پا کر پاکستان میں داخل ہونیوالے دہشتگردوں نے ملک میں قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے، حافظ محمد سعید
اسلام ٹائمز۔ جماعۃ الدعوہ کے مرکزی امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ جب تک بھارت مقبوضہ کشمیر سے اپنی آٹھ لاکھ فوج نہیں نکالتا، کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت نہیں دیا جاتا اور پاکستانی دریاوں پر سے وہ اپنا غاصبانہ قبضہ ختم نہیں کرتا، اس سے کسی قسم کے مذاکرات اور معاہدات کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور نہ ہی کشمیری و پاکستانی قوم ملکی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے اس قسم کے کوئی معاہدات قبول کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی خان میں یوم کشمیر کے حوالے سے منعقد ہونے والے جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بھارت کو پسندیدہ تجارتی ملک قرار دینا دراصل پاکستان پر حملے سے کم نہیں۔ اس عمل سے بھارت کو فائدہ ملے گا اور پاکستان سراسر خسارے اور نقصان میں رہے گا۔ اعداد و شمار کے مطابق بھارت سے تجارت کے باعث پاکستان کو اب تک اربوں ڈالر کا تجارتی خسارہ اٹھانا پڑا ہے۔ ہم بھی چاہتے ہیں کہ معاملات حل ہوں، بات چیت بھی ہو لیکن اس طرح کے کسی بھی عمل سے پہلے مسئلہ کشمیر، پانی کے مسائل اور دیگر تنازعات کا حل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی بھارت کے لئے خارجہ پالیسی ایک آزاد ملک کی پالیسی نظر نہیں آتی، بھارت نے پہلے پاکستان کو دولخت کیا اور اب بھی وہ ایسے ہی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا افغانستان میں تربیت لیکر پاکستان میں داخل ہونے والے بھارتی ایجنٹوں نے بلوچستان و دیگر علاقوں میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کر رکھا ہے، لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارے حکمران لاکھوں شہداء کی قربانیاں پس پشت ڈالتے ہوئے اسی بھارت کے ساتھ دوستی، تجارت اور ویزہ پالیسی میں نرمی جیسے فیصلے کر رہے ہیں۔ اگر پاکستانی حکمران کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار نہیں کرسکتے تو کم سے کم انکے زخموں پر نمک پاشی بھی نہ کریں۔ جموں کشمیر میں بھارتی افواج کی بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں اور پاکستانی دریاوں پر متنازعہ ڈیموں کی تعمیر کو نظر انداز کرکے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینا دراصل خودکشی کے مترادف ہو گا۔

 
خبر کا کوڈ : 348719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش