0
Wednesday 5 Feb 2014 23:48

کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانیت کے علمبردار امریکہ اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی

کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانیت کے علمبردار امریکہ اور اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی
اسلام ٹائمز۔ جنت نظیر وادی کشمیر جسے بھارتی فوجوں نے اپنے ظلم سے جہنم میں تبدیل کر رکھا ہے، امریکا اور اقوام متحدہ کی اس مسئلے پر مجرمانہ خاموشی نے بھارت کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، آزادی کے متوالوں نے جنگ آزادی جاری رکھی ہوئی ہے۔ کشمیر پر ظلم و ستم اور منہ پر مذاکرات کی بات، یہ وطیرہ رہا ہے بھارت کا۔۔ انسانیت کا سب سے بڑا علم بردار امریکا اور اقوام متحدہ نے مشرقی تیمور اور چیچنیا میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا لیکن ان کا رویہ کشمیر اور فلسطین پر ہمیشہ متعصبانہ رہا ہے۔ آزادی کشمیر کی جنگ میں بھارتی فوجوں کے ہاتھوں اب تک تقریبا چالیس ہزار کشمیری جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ ماوٴں نے جہاں اپنے لخت جگر کی قربانیاں دیں وہیں بھارتی فوج نے کئی سہاگ اجاڑ دیئے۔ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی ممالک یعنی پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ایسی سلگتی ہوئی چنگاری بنا ہوا ہے جو کبھی بھی جنگ کے شعلے میں تبدیل ہو سکتی ہے، لیکن بھارت علاقے کا چوہدری بننے کا خواب دیکھ رہا ہے اور وہ نہ صرف اپنے پڑوسی ممالک کو بلکہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کرکے اپنے اس خواب کی تعبیر پوری کرنا چاہتا ہے۔ پانچ فروی انیس سو نوے سے عالمی سطح پر یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی مگر تقریبا چوبیس سال سے بھارتی افواج کی بربریت نے اس وادی کو نہ صرف سیاحوں کے لیے ناقابل رسائی بنا دیا ہے بلکہ ظلم کی ایسی داستانیں رقم کی ہیں کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھی چیخ اٹھی ہیں۔ اقوام متحدہ کی قرارداوں کی روشنی میں یہ مسئلہ تو نہ جانے کب حل ہو گا لیکن حق خودارادیت کے پروانے اپنا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 348790
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش