QR CodeQR Code

دو ماہ اہم ہیں، لندن میں ایکشن اور کراچی میں ری ایکشن ہوگا، منظور وسان

7 Feb 2014 00:28

اسلام ٹائمز: سندھ سیکریٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے انکشاف کیا کہ سندھ پولیس میں ایک ہزار سیاسی کارکن بھرتی کئے گئے جو تاحال محکمے میں موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظور حسین وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ فروری اور مارچ میں لندن میں اہم واقعات رونما ہوں گے، ان کا ردِّعمل کراچی میں ہوگا۔ سندھ سیکریٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے پھر پیشگوئیاں کیں ہیں اور کہا ہے کہ مستقبل میں کئی سیاسی لوگ منظر نامے سے غائب اور کچھ نئے چہرے داخل ہوں گے۔ سیاسی نجومی کہلانے والے منظور وسان نے اپنی پیشگوئیوں میں کہا کہ فروری اور مارچ میں لندن میں اہم واقعات ہوں گے، لندن میں ایکشن اور کراچی میں اس کا ری ایکشن نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی کراچی میں دیگر واقعات ہوں گے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مار دھاڑ اور گرفتاریاں ہوں گی، اس کے بعد شہر میں امن قائم ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی طرح سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی آپریشن کیا جائے گا، اس حوالے سے حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں وزیر جیل خانہ جات نے سندھ پولیس میں سیاسی قیدیوں کی بھرتی کا بھی انکشاف کیا اور کہا کہ سندھ پولیس میں ایک ہزار سیاسی کارکن بھرتی کئے گئے جو تاحال محکمے میں موجود ہیں۔


خبر کا کوڈ: 349083

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/349083/دو-ماہ-اہم-ہیں-لندن-میں-ایکشن-اور-کراچی-ری-ہوگا-منظور-وسان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org