0
Friday 7 Feb 2014 14:25

نواز شریف نے سعودی عرب کو مسلم امہ کیلئے ماڈل اسلامی ریاست قرار دیدیا

نواز شریف نے سعودی عرب کو مسلم امہ کیلئے ماڈل اسلامی ریاست قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب مسلم امہ کے لئے ماڈل اسلامی ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز کی والدہ سلطانہ ترکی السدیری کے نام سے منسوب سلطانہ فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہزادہ سلطان بن سلمان کی اسلام آباد آمد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب آپس میں دیرینہ تعلقات رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کی بہت سی ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی اقدار ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہیں، جو ایک دوسرے سے خوشگوار برادرانہ تعلقات قائم رکھنے کا باعث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے لئے دوسرے گھر کا درجہ رکھتا ہے اور پاکستانی قوم سعودی عرب سے حرمین شریفین اور دیرینہ دوستی کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام پُرامن، وفادار اور محنت کش ہیں جو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں امن کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کی عبادت کے بعد انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں ہے، اسلام کی بنیاد بھی دو چیزوں حقوق اللہ اور حقوق العباد پر ہے، ان دونوں کو عملی طور پر ادا کئے بغیر مسلمان دونوں میں سے ایک بھی فرض صحیح ادا نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی ترقی ممکن ہے، تعلیم کے میدان میں سلطانہ فاونڈیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ شہزادہ سلمان بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے اور آئندہ بھی رہیں گے، تعلیم اور طب کے شعبے میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، تعلیم کے شعبے میں سلطانہ فاؤنڈیشن کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور درخشاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 349188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش