QR CodeQR Code

سید عاشق حسین بخاری جمعیت علمائے پاکستان پنجاب کے بلامقابلہ صدر منتخب

9 Feb 2014 21:15

اسلام ٹائمز: نومنتخب عہدیداران و صوبائی اراکین شوری ٰکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان کو منظم کرنے کیلئے ہمیں اپنے گھروں سے نکلنا ہو گا،ظلم کے نظام کا خاتمہ کرکے ملک میں نظام مصطفی (ص)کا نفاذ ہماری آرزو ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان پنجاب کا انتخابی اجلاس جامعہ انوار مدینہ لاہور میں انتخابی کمیٹی کے چیئرمین چودھری ظفر ساہی منعقد ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علماء پاکستان کے صدر و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پیر سید عاشق حسین شاہ بخاری کو جے یو پی پنجاب کا صدر، مفتی محمد نعیم رحمت نوری کو سینئر نائب صدر اور میاں محمد ایوب خان ایڈووکیٹ کو جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔ تمام عہداداروں کے مقابلہ میں پیش ہونیوالے امیدواروں نے اپنے اپنے نام واپس لے لیے۔ اس طرح تمام عہدیدار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ جے یو پی کے دستور کے مطابق نو منتخب عہدہداران باہمی مشاورت سے دیگر عہدہداران نامزد کریں گے۔ نومنتخب عہدیداران وصوبائی اراکین شوری ٰکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان کو منظم کرنے کیلئے ہمیں اپنے گھروں سے نکلنا ہو گا، ظلم کے نظام کا خاتمہ کر کے ملک میں نظام مصطفی (ص) کا نفاذ ہماری آرزو ہے۔ انہوں کہا کہ ہم نورانی افکار کی پیروی میں نظام مصطفی (ص) کے نفاذ اور مقام مصطفی (ص) کے تحفظ کیلئے کوشاں رہیں گے۔

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ اتحاد اہلسنت کیلئے ہمارے علماء و مشائخ سمیت دیگر سنی تنظیمات کے ذمہ داران سے رابطے ہوئے ہیں انشاء اللہ جلد قوم خوشخبری سنے گی۔ نو منتخب صدر پیر سید عاشق حسین شاہ بخاری نے کہا کہ جے یوپی کو یو سی سطح تک منظم کر کے مشن نورانی کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ سینئر نائب صدر جے یو پی پنجاب مفتی محمد نعیم رحمت نوری نے کہا کہ جے یو پی میں ہر شعبہ زندگی کے لوگوں کو شمولیت کیلئے رکنیت سازی مہم شروع کی جائے گی، جمعیت علماء پاکستان پنجاب کی شوری نے صدر جمعیت علماء پاکستان ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ادھر جے یو پی کی پریس ریلیز کے مطابق جمعیت علماء پاکستان خیبر پختوانخواہ کے انتخابات مردان میں ہوئے جس میں پیر سبطین گیلانی آغا تاج صدر، پیر جمال الدین چشتی سینئر نائب صدر، مفتی نذیر القادری جنرل سیکرٹری کے پی کے منتخب ہو گئے۔


خبر کا کوڈ: 350006

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/350006/سید-عاشق-حسین-بخاری-جمعیت-علمائے-پاکستان-پنجاب-کے-بلامقابلہ-صدر-منتخب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org