QR CodeQR Code

طالبان سے مذاکرات ناکام ہوئے تو امن خواب بن جائیگا، علامہ زبیر احمد ظہیر

10 Feb 2014 17:48

اسلام ٹائمز: اسلامی نظریاتی کونسل کے آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کو ناکام بنانے کی سازشیں کرنیوالی قوتیں ملک دشمن ہیں، پاکستان دشمن قوتیں ملک میں قیام امن اور دہشت گردی کا خاتمہ نہیں چاہتیں۔


اسلام ٹائمز۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی نائب امیر و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ اگر خدانخوستہ طالبان سے مذاکرات ناکام ہوئے تو یہ ملک اور قوم کی بدقسمتی ہو گی اور امن ایک خواب بن جائیگا، حقیقی معنوں میں شریعت کے نافذ کیلئے ملک سے سودی نظام کا بھی خاتمہ کرنا بھی ضروری ہے، طالبان سے مذاکرات کو ناکام بنانے کی سازشیں کرنیوالی قوتیں ملک دشمن ہیں، پاکستان دشمن قوتیں ملک میں قیام امن اور دہشتگردی کا خاتمہ نہیں چاہتیں۔ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اگر حکمران قرآن وسنت کے مطابق حکومتی اور انتظامیہ معاملات کو چلائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کو دہشت گردی اور معاشی مسائل سے نجات مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں سودی نظام کی وجہ سے پاکستان معاشی طور پر تباہ ہوتا جا رہا ہے اور اگر طالبان ملک میں حقیقی شریعت کے نافذ کا مطالبہ کر رہے ہیں تو اس میں ہر ج نہیں اگر حکمران 1973 کے آئین پر مکمل عمل کر دیں تو شریعت بھی نافذ ہو جائیگی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن قوتیں طالبان کیساتھ مذاکرات کے عمل کو ناکام بنانے کیلئے سازشیں کر رہی ہے مگر حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کا مثبت بات چیت کا عمل ان سازشوں کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اگر خدانخوستہ طالبان سے مذاکرات ناکام ہوئے تو یہ ملک اور قوم کی بدقسمتی ہو گی اور امن خواب بن کر رہ جائیگا۔


خبر کا کوڈ: 350223

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/350223/طالبان-سے-مذاکرات-ناکام-ہوئے-امن-خواب-بن-جائیگا-علامہ-زبیر-احمد-ظہیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org