0
Monday 10 Feb 2014 20:50

گلگت بلتستان کی اہم شخصیات اور تنصیبات پر حملوں کا خدشہ، وفاقی وزارت داخلہ کا انتباہ

گلگت بلتستان کی اہم شخصیات اور تنصیبات پر حملوں کا خدشہ، وفاقی وزارت داخلہ کا انتباہ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی اہم شخصیات اور تنصیبات پر حملوں کا خدشہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے تحت حکومتی اور سیاسی افراد کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے ادارے نیشنل کرائسس مینجمنٹ سیل کی جانب سے گلگت بلتستان حکومت کو سکیورٹی خدشات کے حوالے سے ایک مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یکم فروری تک گلگت بلتستان میں اہم تنصیبات پر حملہ اور مذہبی شخصیات کو ٹارگٹ کیا جا سکتا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق متوقع حملوں کا ماسٹر مائنڈ وزیرستان میں موجود داریل تانگیر دیامر سے تعلق رکھنے والا نچلی سطح کا طالبان کمانڈر ہے، جس نے مقامی مذہبی انتہاء پسندوں کی مدد سے گلگت بلتستان اسمبلی سیکریٹریٹ سمیت اہم حکومتی شخصیات اور گلگت، جگلوٹ اور بونجی میں قائم اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے جسے فروری کے ماہ میں انجام دینے کے اشارے ملے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس دوران وزیرستان اور ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ممکنہ فوجی آپریشن کے ردعمل میں ملک کے دیگر شہروں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی دہشت گردی کے واقعات پیش آ سکتے ہیں خاص طور پر گلگت میں اہم مذہبی شخصیات کو نشانہ بنانے کی دھمکی کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کو اگلے ایک ہفتے تک گلگت بلتستان میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات اور اہم حکومتی اور مذہبی شخصیات کو سرگرمیاں اور نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں اس حوالے سے ڈی آئی جی علی شیر نے بتایا کہ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی سکیورٹی خدشات موجود ہیں تاہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ حملہ کب اور کہاں ہو سکتا ہے کیونکہ دہشت گردوں کے پاس کوئی ٹائم ٹیبل نہیں ہوتا اور جب جہاں چاہے اپنی کارروائی عمل میں لا سکتے ہیں، اس لئے سکیورٹی ادارے ہمیشہ الرٹ رہتے ہیں ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں سکیورٹی خدشات ضرور ہیں تاہم وزارت داخلہ کی وارننگ کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ ہمیں ہر وقت ان خدشات سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار رہنا پڑتا ہے اور ہم ان چیزوں سے کھبی غافل رہے ہیں اور نہ رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 350321
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش