QR CodeQR Code

انقلاب اسلامی ایران، امامؑ زمانہ کے انقلاب کی جھلک ہے، اطہر عمران طاہر

12 Feb 2014 10:54

اسلام ٹائمز: آئی ایس او کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ امام راحل (رہ) کی قیادت میں رونما ہونیوالے انقلاب کی فیوض و برکات سے آج بھی پوری دنیا کے باشعور عوام فیضیاب ہو رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج 35 سال گزرنے کے باوجود انقلاب اسلامی ایران تمام عالم استکبار کو انکی شکست کا پیغام دے رہا ہے۔ انہوں نے بانی انقلاب اسلامی، امام خمینی (رہ) کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امام راحل (رہ) کی قیادت میں رونما ہونے والے انقلاب کی فیوض و برکات سے آج بھی پوری دنیا کے باشعور عوام فیضیاب ہو رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی کی برکات کی وجہ سے لوگوں میں جذبہ حریت اجاگر ہوا اور طاغوت کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی ہمت پیدا ہوئی۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر نے کہا کہ انقلاب کے اثرات کسی خطے تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیا میں مرتب ہوئے ہیں اور استعماری قوتوں نے اس انقلاب کے خلاف ہر ممکن کوششیں کیں لیکن انقلاب وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط سے مضبوط ہوتا گیا۔  انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی آج بھی تمام شیطانی قوتوں کے مقابلے میں لشکر خداوندی کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رہ) کی قیادت میں برپا ہونے والا انقلاب اسلامی ایران، امامؑ زمانہ کے انقلاب کی ایک جھلک ہے۔


خبر کا کوڈ: 350764

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/350764/انقلاب-اسلامی-ایران-امام-زمانہ-کے-کی-جھلک-ہے-اطہر-عمران-طاہر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org