QR CodeQR Code

مذاکرات کو کامیاب بنانے کےلئے فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا جائے، عمران خان

13 Feb 2014 23:09

اسلام ٹائمز: کراچی میں پولیس بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کے قیام کےلئے اس نوعیت کے حملے انتہائی تباہ کن ہیں۔ ملک میں فوری اور پائیدار امن کا قیام وقت کا تقاضا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کا عمل کامیاب بنانے کےلئے فوری طور پر جنگ بندی کا اعلان کیا جائے۔ تحفظات کے حل کےلئے گفتگو کا طریقہ اختیار کرنا چاہیئے، عمران خان نے یہ مطالبہ کس سے کیا ہے اس بارے کچھ معلوم نہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کراچی میں پولیس پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کےلئے اس نوعیت کے حملے انتہائی تباہ کن ہیں۔ ملک میں فوری اور پائیدار امن کا قیام وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سفاکانہ حملوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔ عمران خان نے کراچی میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری آپریشن کے باوجود اس قسم کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بھرپور کارروائی کے باوجود کراچی میں دہشت گردی کی کارروائیاں ناقابل فہم ہیں۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ کراچی میں امن کی بحالی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حملوں سے بچانے کےلئے سیاسی بصیرت بروئے کار لائیں۔


خبر کا کوڈ: 351427

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/351427/مذاکرات-کو-کامیاب-بنانے-کےلئے-فوری-طور-پر-جنگ-بندی-کا-اعلان-کیا-جائے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org