QR CodeQR Code

آزاد کشمیر میں حکومت و پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے تبدیلی ناگزیر ہے، بیرسٹر سلطان

14 Feb 2014 10:46

اسلام ٹائمز: دورہ کھوئی رٹہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں سات آٹھ ملکوں کے دوروں پر جا رہا ہوں جہاں مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کروں گا۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم و مرکزی رہنما پیپلز پارٹی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیری لائن آف کنٹرول کو نہیں مانتے اقوام متحدہ کی ثالثی کی پیشکش خوش آئند ہے۔ دیوار برہمن کشمیریوں کو تحریک آزادی سے نہیں روک سکتی۔ حکومت پاکستان انڈیا کے ساتھ معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے اور اپنا موقف جارحانہ انداز میں پیش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کھوئی رٹہ کے موقع پر وادی بناہ پریس کلب کے صحافیوں کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سلطان نے کہاکہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں سات آٹھ ملکوں کے دوروں پر جا رہا ہوں جہاں مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کروں گا۔ طالبان امن مذکرات بھی خطہ میں امن قائم کرنے کی ایک کڑی ہیں۔ 

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ آزاد حکومت کرپشن میں بُری طرح لتھڑی ہوئی ہے، مرکزی قیادت کو باور کرا دیا ہے کہ اگر آزادکشمیر میں حکومت اور پارٹی مضبوط کرنی ہے تو تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھوئی رٹہ میرے چاہنے والوں کا گڑھ ہے اور اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ میری حمایت کے بغیر یہاں سے سیٹ لے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔ دریں اثناء بیرسٹر سلطان نے کہا کہ میرا اختلاف حکومت سے صرف اس بنیاد پر ہے کہ لوٹ مار کا بازارگرم ہے کارکنوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی کاموں کا نام و نشان تک نہیں۔ بیرسٹر نے کوٹھیاں میں چونسٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ سڑک کا افتتاح بھی کیا۔


خبر کا کوڈ: 351481

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/351481/آزاد-کشمیر-میں-حکومت-پارٹی-کو-مضبوط-کرنے-کیلئے-تبدیلی-ناگزیر-ہے-بیرسٹر-سلطان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org