0
Friday 14 Feb 2014 11:30

دہشتگردوں کو پورے ملک میں بدامنی پھیلانے کیلئے کھلی چھوٹ دی گئی ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

دہشتگردوں کو پورے ملک میں بدامنی پھیلانے کیلئے کھلی چھوٹ دی گئی ہے، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی اور پشاور میں خودکش حملوں، ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جن کی روک تھام کے سلسلے میں متعلقہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے کوئی بھی سنجیدہ اقدام نہیں کیا جارہا۔ کراچی، پشاور اور دیگر شہروں میں گذشتہ کئی ماہ سے عوام کا قتل عام ہو رہا ہے۔ دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور وہ ہر جگہ دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سنجیدہ نہیں۔ جس سے دہشت گردوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ طالبان پاکستان کے معصوم افراد اور سکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کے حملوں کی کھلم کھلا ذمہ داری قبول کررہے ہیں۔ پاکستان گذشتہ کئی سالوں سے حالت جنگ میں ہے۔ ایسی خوف زدہ لیڈر شپ جنگ کے زمانے کیلئے بالکل موزوں نہیں۔ جو اپنی جان کی حفاظت کی خاطر پچاس ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں اور دہشت گرد ٹولے سے مذاکرات کے لئے آمادہ ہے۔ جب تک حکومت دہشت گردوں سے ہر پاکستانی مقتول کا قصاص طلب نہ کرے، اس وقت تک پچاس ہزار شہداء کے قاتلوں کے ساتھ امن مذاکرات کا خواب نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکتا۔

بیان میں کہا گیا کہ اسلام محمدی (ص) مرد و عورت پر تعلیم کو فرض قرار دیتا ہے۔ جبکہ طالبان کا اسلام خواتین دشمن اور تعلیم دشمن ہے۔ جو سکولوں کو دھماکوں سے تباہ کررہے ہیں۔ اسلام خواتین کو پردے کے ساتھ گھر سے باہر نکل کر خریداری کرنے، روزمرہ کے کام انجام دینے اور ملازمت کرنے کی اجازت دیتا ہے لیکن طالبان کا اسلام خواتین کا گھر سے پردے کے ساتھ بھی باہر نکلنے کے خلاف ہے۔ اسلام ایک بےگناہ انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے جبکہ طالبان کا اسلام اپنے مقاصد کے حصول کے لئے انسانوں کو تاوان کے لئے اغواء کرنے اور بےگناہ انسانوں کو ذبح کرنا جائز سمجھتا ہے۔ دراصل طالبان کا اسلام اُن کی خود ساختہ جہالت، تنگ نظر اور متعصب سوچ پر مبنی قوانین ہیں۔ جنہیں وہ زبردستی اسلامی شریعت کے نام پر اٹھارہ کروڑ پاکستانیوں پرمسلط کرنا چاہتے ہیں۔ اس طرح جمہوریت پرشب خون مارنا چاہتے ہیں۔ بیان میں حکومت سے کراچی کے حالیہ واقع میں ملوث دہشت گردوں اور اُن کے حامیوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزاء دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بیان میں نیز کراچی کے سانحہ میں شہید ہونے والے معصوم پاکستانیوں کے ورثاء سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔

خبر کا کوڈ : 351483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش