0
Saturday 15 Feb 2014 01:02

مذہب کے نام پر ایک گروہ خیرپور میں فرقہ واریت پھیلا رہا ہے، علامہ اسد اقبال زیدی

مذہب کے نام پر ایک گروہ خیرپور میں فرقہ واریت پھیلا رہا ہے، علامہ اسد اقبال زیدی
اسلام ٹائمز۔ خیرپور شہر جو کہ امن و امان کا گہوارہ اور ماضی کے ادوار میں لائق مثال تھا، اس وقت دہشت گردی، بدامنی، اغوا، چوری، ڈکیتی، بے روزگاری، قبضہ مافیا، بھتہ خوری، کرپشن، سیاسی، مذہبی اور دیگر کئی مسائل میں جکڑ چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل خیرپور کے ضلعی صدرعلامہ اسد اقبال زیدی قمی نے ضلعی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ سید امتیاز حسین شاہ، شیعہ علماء کونسل تحصیل خیرپور کے صدر علی عظمت بلوچ، جنرل سیکریٹری سجاد حسین مینگل اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب وزیراعلیٰ سندھ کے شہر کا یہ حال ہے تو باقی سندھ تو سوالیہ نشان ہے۔ علامہ سید اسد اقبال قمی نے کہا کہ گذشتہ 5 سالہ حکومت اور موجودہ تقریبا ایک سال کی کارکردگی ’’ چراغ تلے اندھیرہ ‘‘ کے مثل ہے، شہر میں عزت دار آدمی کا جینا محال ہے، سرعام تاجر برادری اور دیگر افراد (ہندو، مسلم) کو اغواء کیا جا رہا ہے، پنجگلہ چوک سے دکانوں اور ٹھیلوں سے بھتہ وصول کیا جا رہا ہے، مذہب کے نام پر ایک گروہ شہر میں فرقہ واریت پھیلا رہا ہے حالانکہ خیرپور میں کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے۔

شیعہ علماء کونسل ضلع خیرپور کے صدرنے کہا کہ بارہا مرتبہ انتظامیہ کی میٹنگ میں حتیٰ کمشنر سکھر کی میٹنگ میں شیعہ سنی مسلک کا متفقہ موقف تھا کہ خیرپور شہر ملک کا حصہ نظر نہیں آتا جس میں آئے دن مذکورہ مسائل بڑھتے جا رہے ہیں کوئی لگام دینے والا نہیں، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ علامہ سید اسداقبال زیدی نے کہا کہ دن دہاڑے سرعام اپنی دکان پر روزی کرتے ہوئے انسانوں کو بے دردی سے قتل کیا جاتا ہے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ کتنے شرم کی بات ہے کہ حکومتی نمائندوں اور انتظامیہ کے نااہل افراد کے کانوں جوں تک نہیں رینگتی۔ شیعہ علماء کونسل خیرپور کے ضلعی صدر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے شہر میں قانون کا نفاذ کرتے ہوئے شہید سید احسان رضا شاہ کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے، ایسی تمام سرگرمیوں کو روکا جائے جن سے شہر میں بدامنی پیدا ہو رہی ہے اور شرپسند عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے جس کے لئے حکومت اور انتظامیہ اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 351744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش