0
Saturday 15 Feb 2014 10:26

مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے، عبدالمجید

مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے، عبدالمجید

اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید سے حلقہ بلوچ کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ماجد رشید نے ملاقات کی، تحریک انصاف کے امیدوار نے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار فہیم اختر ربانی کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا۔ جمعیت علماء اسلام آزادکشمیر کے امیر مولانا سعید یوسف بھی اس موقع پر موجود تھے۔  ملاقات میں حلقہ بلوچ ضمنی انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک سمندر ہے اور دیگر جماعتیں ندی نالوں کی طرح اس میں بہہ جائیں گی۔ پیپلز پارٹی عقیدے، نظریے اور عوامی حقوق کے تحفظ کی سیاست کرتی ہے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار مخالف جماعتوں کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے۔ 

چوہدری مجید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما سردار اختر حسین ربانی پیپلز پارٹی کا اثاثہ تھے، مرحوم سردار اختر حسین ربانی نے عوام سے جو وعدے کر رکھے تھے پیپلز پارٹی کی حکومت ان کو عملی جامہ پہنائے گی۔ آزادکشمیر کے عوام نے پیپلز پارٹی کے منشور، ویژن اور عقیدے کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کو بھاری مینڈیٹ دے رکھا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت پانچ سالہ دور اقتدار میں عوام سے کیے جانے والے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ سردار فہیم اختر ربانی پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو، شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا امیدوار ہے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار کو جمعیت علمائے اسلام، لبریشن فرنٹ، تحریک منہاج القرآن، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں اور علاقے کے تمام قبائل کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ حلقہ پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے آج بلوچ کی وادیوں اور چوٹیوں پر جیئے بھٹو جیئے بے نظیر کے نعرے گونج رہے ہیں۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا امیدوار کلین سویپ کرے گا اور 22 فروری کو روپ بدل کر آنے والوں کی سیاست اختتام کو پہنچ جائے گی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میرے حلقہ انتخاب چکسواری میرپور سے یہاں ہجرت کر کے آباد 8ہزار بیس راجپوت قبیلہ کے عوام نے مجھے جو عزت دی اور جلسہ عام میں بیس راجپوت برادری کے حلقہ میں 8 ہزار ووٹ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کی اس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی جماعت ہے اور یہ تمام برادریوں، قبیلوں کا خوبصورت گلدستہ ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پارٹی پرچم کو سربلند رکھیں گے اور پیپلز پارٹی کو ہمالیہ سے بھی بلند چٹان بنا دیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شہیدوں ، غازیوں کی سرزمین پر کھڑے ہو کر اعلان کرتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ نے جس طرح پاکستان کے استحکام اور عوام کے حقوق کے تحفظ کو اپنا مشن بنائے رکھا، تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی حقوق کا بھرپور تحفظ کرے گی۔

خبر کا کوڈ : 351799
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش