0
Tuesday 24 Aug 2010 11:32

ایران کا پاکستان کو ایک کروڑ ڈالر،65 ٹن خوراک و ادویات امداد دینے کا اعلان

ایران کا پاکستان کو ایک کروڑ ڈالر،65 ٹن خوراک و ادویات امداد دینے کا اعلان
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزیر داخلہ سنیٹر رحمن ملک نے صدر آصف علی زرداری کے خصوصی ایلچی کے طور پر ایران کے صدر محمود احمدی نژاد سے ملاقات کی۔ملاقات انتہائی خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی،جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے صدر آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام ایران کے صدر کو پہنچایا اور انہیں پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ملاقات میں خطے کی سکیورٹی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے صدر نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے 10 ملین ڈالرز اور 65 ٹن امداد خوراک اور دوائیوں کی صورت میں دینے کا اعلان کیا اور وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار کو فوری طور پر پاکستان جانے کا حکم دیا۔تاکہ نزدیک سے سیلاب زدگان کی ضروریات کا جائزہ لیں۔ایرانی صدر نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،پاکستان کو مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کے لیے ہر ممکن امداد فراہم کی جائیگی۔انہوں نے صدر اور وزیراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا۔رحمن ملک نے وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار اور وزیر خارجہ منوچہر متقی سے بھی ملاقاتیں کیں،جن میں دو طرفہ تعلقات اور سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
در این اثنا پاکستان کے وزیر داخلہ نے پاکستان واپس روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کسی کو اجازت نہیں دے گا کہ وہ پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی ملک بالخصوص ایران کے خلاف استعمال کرے۔پاکستانی وزیر داخلہ نے ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان اور ایران علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف مقابلے کے لئے باہمی تعاون میں مزید اضافہ کریں گے۔پاکستان کے وزير داخلہ نے ایرانی حکام سے اپنی ملاقاتوں کو تعمیری اور مفید قرار دیتے ہوئے ایران کی طرف سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 35189
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش