0
Sunday 16 Feb 2014 18:55

طالبان فرزندانِ پاکستان نہیں غدارانِ پاکستان ہیں، انکے نزدیک شریعت کا مطلب صرف دیوبندیت ہے، صاحبزادہ حامد رضا

طالبان کی شرائط کو تسلیم کرنا ریاستی اتھارٹی کو دہشتگردوں کے آگے سرنڈر کرنیکے مترادف ہوگا
طالبان فرزندانِ پاکستان نہیں غدارانِ پاکستان ہیں، انکے نزدیک شریعت کا مطلب صرف دیوبندیت ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امریکی برانڈ جہاد ملکی تباہی کا سبب ہے، حقیقی جہاد کا وقت آیا تو اہل حق سب سے آگے ہوں گے، اسلامی نظریاتی کونسل کی رپورٹس پارلیمنٹ میں پیش کی جائیں، طالبان کا ایک تہائی کراچی پر کنٹرول حکمرانوں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، طالبان کی شرائط کو تسلیم کرنا ریاستی اتھارٹی کو دہشت گردوں کے آگے سرنڈر کرنے کے مترادف ہوگا، حکومت امن کو ایک اور موقع دیتے دیتے مزید کتنے بے گناہ انسانوں کو دہشت گردوں کے مقاصد کی بھینٹ چڑھانا چاہتی ہے، حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مذاکرات کا غلط راستہ منتخب کیا ہے۔ بدامنی کے سائے تلے مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکتے، مذاکرات کے ذریعے امن کو ایک اور موقع دینے کی حکومتی پالیسی قیام امن کی ضمانت بنتی نظر نہیں آتی۔ جامعہ رضویہ کے طلباء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ طالبان فرزندانِ پاکستان نہیں، غدارانِ پاکستان ہیں، جماعت اسلامی، جے یو آئی اور طالبان ایک ہی سکّے کے مختلف رُخ ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ دہشت گرد پانچ لاکھ مسلح افواج کے دفاعی حصار کو توڑ نہیں سکتے، پاک فوج دہشت گردی کو کچلنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، قوم کو پاک فوج کی صلاحیتوں کے بارے میں کسی قسم کا ابہام نہیں، پاک فوج کے جوان 13برس سے شدت پسندوں کے خلاف سینہ سپر ہیں اور جانی قربانیاں دینے کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ طالبان کے نزدیک شریعت کا مطلب صرف دیوبندیت ہے، پاکستان کو دیوبندی سٹیٹ بنانے کی کوششوں کا راستہ روکیں گے، آئین کو متنازعہ بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں، ریاست کو مذہب سے الگ کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اچھے اور برے طالبان کی اصطلاح نے قوم کو ابہام میں ڈال رکھا ہے، ہمارے حکمران دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عزم و حوصلے سے محروم ہیں، مذاکرات کے اعلان کے بعد دہشت گردی میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوگیا ہے،دہشت گردوں کے ہاتھوں کوئی شخص، ادارہ، شہر اور گلی محلہ محفوظ نہیں ، ڈرون حملے نہ ہونے کے باوجود 45روز میں 46 دہشت گرد کارروائیاں سوالیہ نشان ہیں۔
خبر کا کوڈ : 352274
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش