QR CodeQR Code

اخلاص کی موجودگی میں مذاکرات کی ناکامی کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیئے، غالب خان وزیر

16 Feb 2014 22:33

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان حلقہ این اے 41 سے منتخب رکن قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ اگر وزیر قوم کی حق تلفی ہوئی تو ہم اپنا حق چھین لینگے۔


اسلام ٹائمز۔ جنوبی وزیرستان ایجنسی این اے 41 سے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی غالب خان وزیر نے کہا ہے کہ طالبان سے ہونے والے مذاکرات کامیابی سے ہمکنار ہونگے، کیونکہ دونوں فریق مسئلہ کے حل کیلئے مخلص اور نیک نیت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں قبائلی عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ ملک کے اندر بیرونی قوتوں کے اشاروں پر عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر بھی سرگرم عمل ہیں، مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی پالیسیوں کی وجہ سے محب وطن قبائل بندوق اٹھانے پر مجبور ہوئے۔ پاکستانی حکومت پاکستانی طالبان سے مذاکرات کر رہی ہے اور یہ وہی قبائل ہیں جن کے آباؤ  اجداد نے 65 کی جنگ میں پاکستان کا دفاع کیا۔ ہمیشہ بلا تنخواہ سپاہی کے طور پر پاک فو ج کے شانہ بشانہ پاکستان کی حفاظت میں مصروف رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب دونوں اطراف سے اخلاص موجود ہے تو مذاکرات کی ناکامی کے متعلق سوچنا بھی نہیں چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تیرہ سال میں پہلی مرتبہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے مذاکرات کو اہمیت دے کر پاکستانی عوام کے جذبات کی ترجما نی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وانا میں ہسپتال کی حالت زار انتہائی ابتر ہے، ڈاکٹرز ڈیوٹیاں نہیں کرتے، سرکاری ادویات کرپشن کی نظر ہو جاتی ہیں۔ اس ضمن میں پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان ممنون حسین کو گذشتہ دنوں میں نے قبائلی جرگہ کی وساطت سے ڈیرہ اسماعیل خان میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ کیا ہے، جس پر انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گومل زام ڈیم وزیر قوم کی اراضی پہ تعمیر کیا گیا ہے جس میں کلاس فور کی نوکریو ں پر وزیر قوم کا حق ہے اور واپڈا حکام اس ضمن میں وزیر قوم کی حق تلفی کر رہے ہیں اگر وزیر قوم کو اس کا حق نہ دیا گیا تو ہم یہ حق چھین لینگے۔


خبر کا کوڈ: 352337

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/352337/اخلاص-کی-موجودگی-میں-مذاکرات-ناکامی-کے-بارے-نہیں-سوچنا-چاہیئے-غالب-خان-وزیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org