0
Monday 17 Feb 2014 14:59

دشمن قوتوں کا بلوچستان پر قبضے کے خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، نعمت اللہ خان

دشمن قوتوں کا بلوچستان پر قبضے کے خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، نعمت اللہ خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے رہنماء اور سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے، ملک دشمن قوتیں اس پر قبضے کے خواب دیکھ رہی ہیں جو کبھی پورا نہیں ہوگا، حکومت بلوچستان کے حالات ٹھیک کرے اور وہاں امن قائم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الخدمت فاؤنڈیشن کے کراچی آفس میں بلوچستان بزنس فورم کے صدر سید عبدالمجید آغا کی قیادت میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی غلام فاروق، حافظ عصمت اللہ، حاجی محمد یوسف اور انصاف ویلفیئر سوسائٹی بلوچستان کے صدر کمانڈر محمد فضل نورزئی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سید عبدالمجید آغا نے بزنس فورم کی جانب سے شہری مسائل اور پاک ایران تجارت میں درپیش مسانل کے حل سے متعلق بزنس فورم کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ نعمت اللہ خان نے بزنس فورم اور انصاف ویلفیئر سوسائٹی کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئےکہا کہ بلوچستان میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، وہاں کے مسائل کا حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ این جی اوز کو چاہیے کہ بلوچستان کے لوگوں کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔ سابق ناظم کراچی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے بلوچستان چیمبر اور تاجر تنظیمیں مل کر کام کریں۔ نعمت اللہ خان نے وفد کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
خبر کا کوڈ : 352535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش