QR CodeQR Code

کراچی میں 2 نجی ٹی وی چینلز کے دفاتر پر شرپسندوں کے بم حملے

17 Feb 2014 19:44

اسلام ٹائمز: آج ٹی وی کے دفتر پر نامعلوم حملہ آور نے دستی بم پھینکا جس سے زور دار دھماکا ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ دوسرے واقعہ میں مزار قائد کے سامنے وقت نیوز کے دفتر پر شرپسند مشکوک گیند پھینک کر فرار ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے گرومندر چورنگی پر آج نیوز چینل کے دفتر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے جبکہ نوائے وقت گروپ کے دفتر سے بم برآمد کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نامعلوم دہشتگرد  کراچی کے علاقے گرومندر چورنگی پر واقع آج نیوز چینل کے دفتر کے مرکزی دروازے پر دستی بم پھینک کر باآسانی فرار ہو گئے ہیں۔ دستی بم حملے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ہیں تاہم حملے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے مگر آج نیوز کے دفتر کے مرکزی دروازے کو نقصان پہنچا ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر نامعلوم شرپسندوں نے دو نجی ٹی وی چینلز کے دفاتر پر دستی بموں سے حملہ کر دیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ایم اے جناح روڈ سے متصل گرومند چورنگی پر آج ٹی وی کے دفتر پر نامعلوم حملہ آور نے دستی بم پھینکا جس سے زور دار دھماکا ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسرا واقعہ مزار قائد کے سامنے پیش آیا جہاں شرپسند وقت نیوز کے دفتر پر مشکوک گیند پھینک کر فرار ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق آج نیوز کے دفتر کے باہر دھماکے کے مقام سے بال بیرنگ ملے ہیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔


خبر کا کوڈ: 352661

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/352661/کراچی-میں-2-نجی-ٹی-وی-چینلز-کے-دفاتر-پر-شرپسندوں-بم-حملے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org