QR CodeQR Code

ہر روز اگر 5 دہشتگردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے تو دہشتگردی خود بخود ختم ہوجائیگی، علامہ ساجد نقوی

17 Feb 2014 19:51

اسلام ٹائمز: لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شیعہ علماء کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر 73ء کے آئین سے انحراف کیا گیا تو یہ ملک منتشر کرنیکے مترادف ہوگا، پاکستان کی اجتماعیت اسی آئین پر ہے اور اسی آئین نے ملک کو متحد رکھا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان و اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایس یو سی لاہور کے صدر مرحوم سید شمس عباس نقوی کے چہلم میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مختلف چیلنجوں میں گھرا ہوا ہے، عوام کا قتل عام جاری ہے، دہشت گردوں کا راج ہے، حکومت بےبس نظر آتی ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے ہونے والے حکومتی رابطوں پر واضح کیا تھا کہ پہلے بتایا جائے کہ مذاکرات کا میکنزم کیا ہے، مذاکرات آئین کے مطابق ہونے چاہئیں، اگر ایسا نہ ہوا تو سوال اٹھے گا کہ پھر حکمرانوں کی حیثیت اور آئینی جواز کیا ہے، اس لیے آئین سے روگردانی کرنے والے حکمران نہیں ره سکتے۔ پاکستان کی اجتماعیت اسی آئین پر ہے اگر انحراف کیا گیا تو یہ ملک منتشر کرنے کے مترادف ہوگا، 73ء کے آئین نے ملک کو متحد رکھا ہوا ہے اگر آئین پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کرایا جائے اور رول آف لاء کو قائم کیا جائے تو تمام طبقات کے جائز مطالبات پورے ہوسکتے ہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ سزائے موت کے قانون کو سابقہ حکومت نے ملتوی کیا اور موجودہ حکومت نے بھی اس کو التواء میں ڈالا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن دہشت گردوں کو حکومت نے سزا سنائی ہے، اگر ایسے دہشت گردوں میں سے ہر روز 5 دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے تو دہشت گردی ختم ہو جائے گی۔ چہلم کے موقع پر تنظیمی کارکنان اور مومنین کی کثیر تعداد موجود تھی۔


خبر کا کوڈ: 352674

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/352674/ہر-روز-اگر-5-دہشتگردوں-کو-تختہ-دار-پر-لٹکایا-جائے-دہشتگردی-خود-بخود-ختم-ہوجائیگی-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org