0
Tuesday 18 Feb 2014 01:29

ملت ایران امریکہ کی زور زبردستی اور باج خواہی کے سامنے ہرگز گھٹنے نہیں ٹیکے گی، رہبر انقلاب اسلامی

ملت ایران امریکہ کی زور زبردستی اور باج خواہی کے سامنے ہرگز گھٹنے نہیں ٹیکے گی، رہبر انقلاب اسلامی
اسلام ٹائمز۔ انقلاب اسلامی ایران کے سربراہ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ نے کہا ہے کہ ملت ایران نے 22 بہمن بمطابق 11 فروری کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر نکالے جانے والے جلوسوں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے امریکہ کی بے ادبی، توسیع پسندی اور گستاخی کا بھرپور جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت ایران نے اس دن واضح اعلان کیا کہ وہ امریکہ کی، زور زبردستی اور باج خواہی کے سامنے ہرگز گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران میں صوبہ مشرقی آذربائیجان کے مختلف علاقوں کے ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے 22 بہمن کے جلوسوں میں بھرپور شرکت اور قومی اقتدار کا عالی شان مظاہرہ کرنے پر قوم کے فرد فرد کا شکریہ ادا کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ماہرین کی رپورٹوں کے مطابق اس سال کے جلوسوں میں گذشتہ برسوں کی نسبت عوام نے زیادہ تعداد میں اور زیادہ جوش و جذبہ کیساتھ شرکت کی ہے اور یہ حقیقت اس بات کی علامت ہے کہ اسلامی انقلاب کی سالگرہ کا جشن، خود انقلاب کی طرح بے نظیر واقعہ ہے۔ 

رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ تسلط پسند نظام کہ جس کا سب سے بڑا مظہر امریکہ ہے، کے سامنے تسلیم نہ ہونا  اسلامی انقلاب کے اہداف و مقاصد میں شامل ہے اور ملت ایران نے اس سال بائيس بہمن کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کرکے اعلان کر دیا ہے کہ وہ امریکہ کی زور زبردستی کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی۔ انہوں نے بعض افراد کی طرف سے امریکی چہرے کو چمکا کر پیش کرنے کی کوششوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بعض لوگ امریکہ کے چہرے کو سجا سنوار کر اسکی برائیوں، تشدد اور وحشت انگيز صفات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ امریکی حکومت کو اس طرح سے پیش کر رہے ہیں کہ وہ ایرانی عوام اور انسانیت کو پسند کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوششیں، نتیجہ خيز ثابت نہیں ہونگی۔
 
انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر نے کم از کم گذشتہ اسّی برسوں میں امریکہ کی گھناؤنی تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے خونی جنگیں شروع کیں، بےگناہ انسانوں کا قتل عام کیا، دنیا کے مختلف علاقوں میں ڈکٹیٹروں، عالمی دہشتگردی، غاصب مجرم اور غیر قانونی صیہونی حکومت کی ریاستی دہشتگردی کی حمایت کی، عراق پر حملہ کرکے ہزاروں بے گناہ افراد کا قتل عام کیا، افغانستان پر حملہ کرکے بلیک واٹر جیسی کمپنیوں کے ہاتھوں عوام کے قتل عام کا سلسلہ شروع کیا نیز انتہا پسند اور تکفیری گروہوں کو جنم دے کر ان کی حمایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکہ کے سیاہ کارناموں کے صرف چند نمونے ہیں۔ 

آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے ملت ایران کے خلاف امریکہ کے دشمنانہ اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران، انیس سو ترپن کی فوجی بغاوت سے لے کر انیس سو اناسی میں اسلامی انقلاب کی کامیابی اور آج تک امریکہ کی خباثتوں، اذیت و آزار، سازشوں اور پابندیوں کا شکار رہی ہے اور اس سلسلے کا آخری واقعہ دوہ زار نو کے فتنہ پرور عناصر کے حق میں امریکی صدر کی شرمناک حمایت تھی اور حال ہی میں دوبارہ امریکہ نے ان عناصر کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ امریکہ سے بدگمان ہونے کی علامتیں اب ظاہر ہو رہی ہیں اور ان کی وجہ، ملت ایران کے خلاف امریکی سینیٹروں اور دیگر حکام کے غیر ذمہ دارانہ بیانات ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ملت ایران نے اس سال بائيس بہمن کو ان توہین آمیز بیانات کا جواب دیتے ہوئے امریکہ کے اس قبیح چہرے پر زوردار طمانچہ رسید کیا۔
خبر کا کوڈ : 352828
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش