QR CodeQR Code

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر نیشنل سکیورٹی پالیسی کا اعلان کیا جائے

مذاکرات کے دوران ایف سی اہلکاروں کا قتل بدترین دھوکہ ہے، حامد رضا

18 Feb 2014 18:05

اسلام ٹائمز: چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کو پاکستان کے بیٹے قرار دینے والے پاکستان کے وفادار نہیں ہو سکتے، حکومت مذاکرات کے ذریعے قوم کا مزید خون بہانا بند کرے، ایف سی کے شہید اہلکاروں کے قتل کی ایف آئی آر طالبان کے حمایتی لیڈروں کیخلاف درج ہونی چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ چیف جسٹس 23 ایف سی اہلکاروں کے قتل کا ازخود نوٹس لیں اور وزیراعظم 24 گھنٹوں کے اندر مذاکرات ختم کر کے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن شروع کرنے کا دوٹوک اعلان کریں۔ قیدیوں کو قتل کرنا شریعت کے منافی ہے اور مذاکرات کے دوران قیدیوں کا قتل بدترین دھوکہ ہے۔ طالبان نے قیدیوں کو بےرحمی سے قتل کر کے شریعت اور ملکی و عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر نیشنل سکیورٹی پالیسی کا اعلان کیا جائے۔ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف جہاد میں شرکت کیلئے صف بندی کر لے، قوم کا بچہ بچہ دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک فوج کیساتھ ہے۔ ملک بچانے کیلئے آخری فیصلے کا وقت آ گیا ہے۔ حکمران مصلحتوں اور خوف سے باہر نکل کر جرأت مندانہ فیصلے کریں، طالبان کے تمام گروپ دہشتگردی پر متحد اور مذاکرات پر تقسیم ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کی سپریم کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کو پاکستان کے بیٹے قرار دینے والے پاکستان کے وفادار نہیں ہو سکتے، حکومت مذاکرات کے ذریعے قوم کا مزید خون بہانا بند کرے، ایف سی کے شہید اہلکاروں کے قتل کی ایف آئی آر طالبان کے حمایتی لیڈروں کیخلاف درج ہونی چاہیئے۔ دہشتگردوں نے پورے ملک میں دہشت و وحشت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ پشاور، کوئٹہ اور ساہیوال میں دہشتگردی کے تازہ واقعات قابل مذمت ہیں، حکومت نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن قدم نہ اٹھایا تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔ سکیورٹی فورسز پر حملے کرنیوالے ملک کے غدار اور باغی ہیں، ریاست کے باغیوں کیساتھ کسی کو ہمدردی نہیں ہونی چاہیئے۔ پاکستان عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے اور موجودہ حکمرانوں کے ہاتھوں میں پاکستان غیرمحفوظ ہے۔ پوری قوم ملکی سلامتی کے حوالے سے سخت تشویش میں مبتلا ہے۔ وفاقی شرعی عدالت ساٹھ ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں کو اسلامی قانون کے مطابق سزائیں سنائے۔


خبر کا کوڈ: 353028

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/353028/مذاکرات-کے-دوران-ایف-سی-اہلکاروں-کا-قتل-بدترین-دھوکہ-ہے-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org