QR CodeQR Code

ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کا جوہری مذاکرات کے پہلے دور پر اطمینان کا اظہار

19 Feb 2014 10:06

اسلام ٹائمز: ویانا میں میڈیا کیساتھ گفتگو میں ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فریقین کو طویل اور پیچیدہ مذاکرات درپیش ہیں۔ کیونکہ اس دور کے مذاکرات کا ہدف و مقصد ایران کے جوہری مسئلہ کے حوالے سے کسی حتمی اور جامع راہ حل تک پہنچنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اور نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ویانا میں ایران اور فائیو پلس ون کے درمیان جوہری مذاکرات کے نئے دور کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سید عباس عراقچ نے منگل کے روز ایران اور فائیو پلس ون کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کے اختتام پر ویانا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات، ایک ایجنڈے تک پہنچنے کے لئے منعقد ہوئے ہیں اور مذاکرات کا آغاز اچھا رہا ہے۔ ایران کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ کا تاکید کے ساتھ کہنا تھا کہ فریقین کو طویل اور پیچیدہ مذاکرات درپیش ہیں۔ کیونکہ اس دور کے مذاکرات کا ہدف و مقصد ایران کے جوہری مسئلہ کے حوالے سے کسی حتمی اور جامع راہ حل تک پہنچنا ہے۔
 
سید عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کے آغاز میں اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کی سیاست خارجہ کی سربراہ کیتھرین اشٹون نے تفصیلی خطاب کیا اور اس کے بعد ماہرین کی سطح پر گفتگو شروع ہوئی۔ ایران کے جوہری مذاکرات کار نے بتایا کہ کیتھرین اشٹون نے مذاکرات کے جاری رہنے پر فریق مقابل کے عزم و ارادے کے حوالے سے نیک نیتی کا اعلان کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ  ان مذاکرات کی بنیاد جنیوا سمجھوتہ ہے، اور کوئی بھی موضوع اس دائرے کار سے باہر نہیں نکلے گا۔
قبل ازاین ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے مابین جوہری مذاکرات منگل کے روز آسٹریا میں شروع ہوئے۔ امریکی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس دوران کوشش کی جائے گی کہ ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے طے کئے جانے والے عبوری معاہدے کو حتمی شکل دی جاسکے۔ نومبر میں ایران اور سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور جرمنی کے مابین ایک عارضی معاہدہ طے پایا تھا، جس پر جنوری سے عمل درآمد جاری ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 353185

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/353185/ایران-کی-مذاکراتی-ٹیم-کے-سربراہ-کا-جوہری-مذاکرات-پہلے-دور-پر-اطمینان-اظہار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org