0
Thursday 20 Feb 2014 09:32

کسی کو وائسرائے بن کر من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے، عبدالمجید

کسی کو وائسرائے بن کر من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو صرف دھاندلی کے ذریعے ہی شکست دی جا سکتی ہے عوامی قوت کے ذریعے نہیں۔ کیونکہ عوام کی قوت صرف پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔ وفاق اور صوبوں کے اندر پی پی پی اور (ن) لیگ مفاہمتی سیاست کو فروغ دے کر جمہوریت کے استحکام کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں، مگر آزادکشمیر کے اندر (ن) لیگ کی قیادت وزیراعظم نوازشریف کی پالیسیوں کے برعکس سیاست کرکے ان کے لیے مسائل کھڑے کر رہی ہے۔ ہم نوازشریف کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارا مینڈیٹ تسلیم کیا۔ بلوچ کا ضمنی انتخاب صاف و شفاف ہو گا، لاغر شیر کو عبرتناک شکست ہو گی۔ بائیس فروری کو گونجنے والا جئے بھٹو کا نعرہ گڑھی خدا بخش کے قبرستان میں سوئے ہوئے شہداء بھی سنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی پی امیدوار سردار فہیم اختر ربانی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں بلوچ کے مختلف علاقوں میں جلسوں اور کوٹلی میں پی پی پی، پی ایس ایف، پی وائی او اور پارٹی جیالوں کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مسئلہ کشمیر پر بنائی گئی تھی اور پی پی پی آزادکشمیر حکومت کشمیر کاز کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی آج بلوچ کے مقام پر پیپلزپارٹی کا جم غفیر سردار فہیم اختر ربانی کے حق میں فیصلہ دے دیگا۔ 22فروری کو آمروں کے پیروکاروں اور محسنوں سے غداری کرنے والے مفاداتی ٹولے کی سیاست دم توڑ جائے گی۔ شکست بہروپیوں کا مقدر بن چکی ہے، پی پی پی عوامی قوت کا نام ہے آزادکشمیر کے عوام نے پی پی پی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے۔ 

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بلوچ کے ضمنی انتخاب میں فہیم ربانی کو ووٹ دے کر عوام پی پی پی کو ماضی میں دیئے گئے مینڈیٹ کی تجدید کریں گے۔ آزادی کے لیے کھالیں اتروانے والوں اور شہید بھٹو کی پھانسی کے خلاف خود سوزی کرنے والوں کی غیرت مند دھرتی پونچھ بلوچ کے سپوتوں کی غیرت کو خریدا نہیں جاسکتا آج 20فروری کو بلوچ کے عوام بھٹوز کے امیدوار سردار فہیم اختر ربانی کے حق میں منعقدہ عوامی ریفرنڈم میں فیصلہ دے دیں گے۔ 

چوہدری مجید نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کسی کو وائسرائے بن کر من مانیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوام نے بھاری مینڈیٹ دیا کسی کو عوامی مینڈیٹ کی توہین کی اجازت نہیں دیں گے۔ نواز شریف نے مثیاق جمہوریت کی پاسداری کی اس سے پاکستان سیاسی جمہوری طور پر مستحکم ہو گا۔ آزادکشمیر میں بھٹو کا پرچم سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 22 فروری کو ’یوم بھٹو‘ ہے، کشمیریوں نے ہمیشہ پی پی پی سے محبت کی اور اس کا ثبوت 22فروری کو وہ تیر پر ٹھپے لگا کر دیں گے تیر نشان ہے آزادی، جمہوریت اور انقلاب کا۔
خبر کا کوڈ : 353593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش