0
Thursday 20 Feb 2014 21:16

مجلس وحدت کے زیراہتمام کل بلتستان بھر میں گندم سبسڈی کے خاتمے کیخلاف احتجاج کرنیکا فیصلہ

مجلس وحدت کے زیراہتمام کل بلتستان بھر میں گندم سبسڈی کے خاتمے کیخلاف احتجاج کرنیکا فیصلہ
رپورٹ: میثم بلتی

گلگت بلتستان میں گندم کی سبسڈی کے خاتمے اور گندم کی قیمتوں میں بےتحاشا اضافے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام آل پارٹیز اجلاس ایم ڈبلیو ایم کے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں بلائی گئی، جس میں بلتستان کی اہم سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کے عہدہ داروں نے شرکت کی، جن میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ گلگت بلتستان کے رہنماء علامہ سید مظاہر حسین موسوی، شیخ احمد علی نوری، ڈویژنل ڈپٹی سیکرٹری جنرل فدا حسین، انجمن امامیہ صوفیہ نوربخشیہ کے صدر صوبیدار غلام محمد، مدرسہ باب العلم کے وائس پرنسپل مولانا اسحاق، صوفیہ نور بخشیہ کے رہنماء و مدرسہ شاہ ہمدان بلتستان کے معلم مولانا محمد یوسف، اہلسنت والجماعت کے مفتی ڈاکٹر خالد محمود، پاکستان پیپلز پارٹی اسکردو کے صدر نمبردار یوسف، پیپلز پارٹی کھرمنگ کے رہنماء سید امجد زیدی، تحفظ حقوق گلگت بلتستان کے چئیرمین راجہ زکریا خان مقپون، پاکستان تحریک انصاف بلتستان کے صدر سید امیر شاہ کاظمی، گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ کے رہنماء غلام شہزاد آغا شامل تھے۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے آئینی حقوق، گندم سبسڈی کے خاتمے اور دیگر اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء اجلاس نے گلگت بلتستان میں گندم کی سبسڈی کے خاتمے کو گلگت بلتستان کے عوام پر ظلم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے آئینی حقوق کے مطالبے کو دبانے اور غیر موثر کرنے، نیز عوام کو مصروف رکھنے کے لیے یہ ڈرامہ رچایا گیا۔ گندم سبسڈی کی بحالی ہمارا پہلا مطالبہ ہونا چاہیئے اور اس مسئلے کے حل کے بعد ہمیں آئینی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی۔ شرکاء اجلاس نے باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا کہ جمعہ کے روز بلتستان بھر میں نماز جمعہ کے بعد گندم سبسڈی اور گندم کی قیمت کو 850 روپے کی سطح تک لانے کے لئے اہم مقامات پر احتجاج کیا جائے گا اور کہا گیا کہ جب تک حکومت گندم کی قیمت پرانی سطح پر نہیں لاتی اسوقت تک احتجاجی سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 353816
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش