0
Friday 21 Feb 2014 17:29

امریکہ ایران کیساتھ ہمارے تعلقات خراب کرنا چاہتا ہے، نصرت شہانی

امریکہ ایران کیساتھ ہمارے تعلقات خراب کرنا چاہتا ہے، نصرت شہانی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ المنتظر لاہور کے ترجمان نصرت شہانی کا کہنا ہے کہ برادر ہمسایہ ملک ایران کے سیکورٹی اہلکاروں کے اغواء کے حوالے سے بعض عناصر غیرملکی اشارے پر دیرینہ پاک ایران دوستی کے رشتوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے مشترکہ تعاون کے پالیسی بیان اور ہماری وزارت خارجہ کے ردعمل کے بعد بیان بازی غیر ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس خطہ میں ہمارا واحد اسلامی دوست ملک ہے۔ اس کا مذکورہ متنازعہ بیان بھی خدانخواستہ وطن عزیز کیخلاف نہیں بلکہ دراصل اپنے اغوا شدہ اہلکاروں کی بازیابی کے حوالے سے دہشت گردوں کیخلاف ہے۔ وہ دہشت گرد جنہوں نے ہمارے قومی وجود کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں، بلوچستان میں ایک عرصہ سے دہشت گردی کا راج ہے، خصوصاََ پی پی کی گزشتہ حکومت نے جس طرح دانستہ طور پر دہشت گردوں سے چشم پوشی کی وہ اظہر من الشمس ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان میں دہشتگردی ختم کرنے کیلئے جن عزائم کا اظہار کیا ہے، ان پر سنجیدگی سے عمل کی ضرورت ہے، ایران جیسا برادر ہمسایہ ملک ہمارے ملک میں ہونیوالی دہشت گردی کا متاثرہ فریق بھی ہے، ہمارے ملک میں دہشتگردوں کے ہاتھوں اس کے سفارتکاروں، طلباء، انجینئر قتل کئے گئے۔ بحمدللہ اس دوست ملک میں ہمارے شہریوں کیساتھ کوئی ایسا سانحہ نہیں ہوا، دہشتگردوں نے ’’جند اللہ‘‘ کے نام سے سرحد پار ایرانی بلوچستان میں بربریت کی تاریخ رقم کی جس میں فقط ایرانی اہلکار ہی نہیں بلکہ شیعہ، سنی عوام بھی شہید ہوئے، ہمارے میڈیا میں بھی آ چکا ہے کہ امریکی حمایت یافتہ دہشتگرد عبدالمالک ریگی بدقسمتی سے ہمارے بلوچستان سے یہ کاروائیاں کرتا رہا۔

نصرت شہانی نے مزید کہا کہ یہ تلخ حقیقت ہے کہ ہماری حکومتیں اپنے ہزاروں شہداء کے سفاک قاتلوں کیخلاف کارروائی نہ کر سکیں بلکہ عدالتی سزایا فتہ دہشت گردوں کی سزا پر عمل، حکم قرآنی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منسوخ کر دیا تو ان حالات میں دہشتگردی کے متاثرہ دوست ہمسایہ ملک کی تشویش بجا ہے۔ البتہ اس کے اظہار کیلئے مسلمہ قوانین و اخلاقیات کی پابندی لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کو امت مسلمہ کیلئے دیگر گراں قدر خدمات کے علاوہ، ایران کی گزشتہ 35 سال سے مظلوم فلسطینیوں کی حمائیت برداشت نہیں، حالانکہ فلسطین میں شیعہ نہیں رہتے جبکہ عرب مسلمان ممالک کا رویہ اس کے برعکس ہے۔ اسی بنا پر اسلام و مسلمانوں کا اصلی دشمن امریکہ، پاکستان اور ایران کے مابین دوریاں پیدا کرنا چاہتا ہے، ان تمام امور کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہمیں دشمن کے عزائم کو ناکام بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایشو پر بیان بازی کرنے والے امریکی ایجنٹ ہیں جو بے نقاب ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 354063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش