QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، ریلیف انٹرنیشنل کے زیراہتمام زونوسز کنٹرول کمیٹی کا اجلاس

22 Feb 2014 19:03

اسلام ٹائمز: اجلاس میں ریلیف انٹرنیشنل کے ضلعی پروگرام منیجر ڈاکٹر مراد نے منصوبے کے تحت تین ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس میں جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونیوالی بیماریوں کی روک تھام کے لیے جاری کوششوں کی تفصیل بتائی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ریلیف انٹرنیشنل کے زیراہتمام جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونیوالی بیماری زونوسز کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ضلعی پروگرام مینجر ڈاکٹر مراد کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، لائیو سٹاک، ویٹرنری کالج ڈی آئی خان، میڈیا کے نمائندوں سمیت گومل یونیورسٹی کے مختلف ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ صحت، لائیو سٹاک، ویٹرنری کالج نے ڈیرہ اسماعیل خان میں زونوٹک بیماریوں سے متعلق شعور کی بیداری اور ان بیماریوں کی روک تھام کے لئے مشترکہ کوششوں کو انتہائی ضروری قرار دیا۔ اجلاس میں ریلیف انٹرنیشنل کے ضلعی پروگرام مینجر ڈاکٹر مراد نے منصوبہ کے تحت تین ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ جس میں زونوسز بیماریوں کے خلاف کی گئی اب تک کی کوششوں کی تفصیل پیش کی گئی تھی۔ ڈاکٹر مراد نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونے والی بیماریوں زونوسز کے کنٹرول اور روک تھام کے لیے متعلقہ محکمہ جات اور زندگی کے مختلف شعبہ جات کے افراد پر مشتمل ضلعی کمیٹی کے قیام کا یہی مقصد تھا کہ اس خطے کے باسی اور ماہرین مل بیٹھ کر اپنی سفارشات اور اقدامات سے ریلیف انٹرنیشنل کے منصوبے کو علاقہ اور عوام کے لئے مفید بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی میں ریسرچ سنٹر کے قیام کے حوالے سے پیشرفت آخری مراحل میں ہے، جلد ہی اس سینٹر کے قیام کا معاہدہ طے پا جائے گا۔ جس سے گومل یونیورسٹی اور خطہ کے طلبہ مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی پانچ یونین کونسلوں میں اس حوالے سے ابتدائی مرحلہ میں کام جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 354462

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/354462/ڈی-آئی-خان-ریلیف-انٹرنیشنل-کے-زیراہتمام-زونوسز-کنٹرول-کمیٹی-کا-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org