QR CodeQR Code

حکمرانوں نے مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر وزیرستان آپریشن کی راہ ہموار کی

مذاکرات کے نام پر قوم کو بیوقوف بنایا گیا، اسی وجہ سے حصہ نہیں بنے، جے یو آئی

25 Feb 2014 14:42

اسلام ٹائمز: بنوں میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اکرم درانی، عبدالغفور حیدری اور مولانا عطاء الرحمان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی عمل میں کوئی سنجیدگی نہیں تھی کیونکہ جو کمیٹیاں بنائی گئیں وہ غیر سنجیدہ تھیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء اکرم خان درانی، مولانا عبدالغفور حیدری اور مولانا عطاء الرحمان نے بنوں سپورٹس کمپلیکس میں تحفظ تہذیب اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مذاکرات شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کیلئے راہ ہموار کر انے کے لئے تھے، جمعیت علماء اسلام نے مسلسل کئی سال کوشش کی کہ قبائلی علاقوں میں امن و امان ہو اور مزید بے گناہ قبائلیوں کے خون سے وزیرستان رنگین نہ ہو لیکن اس ظالم اور نا اہل حکمرانوں نے مذاکرات کا ڈھونگ رچا کر وزیرستان میں فوجی آپریشن کیلئے راہ ہموار کردی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ مذاکرات سے صرف عوام کو بے وقوف بنایا گیا اسی وجہ سے ہم اس مذاکرات کا حصہ نہیں بنے کیونکہ اس میں کوئی سنجیدگی نہیں تھی کیونکہ جو کمیٹیاں بنائی گئی تھیں وہ غیر سنجیدہ تھیں اور جمعیت علماء اسلام کو یہ ٹاسک نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی یہ کہتے ہیں کہ وقت ہاتھ سے نہیں نکلا ہے لیکن ہم طالبان کو بھی یہ بتانا چاہتے ہیں کہ وہ بھی سنجیدگی پیدا کریں اور اگر حکومت اس طریقہ سے امریکہ کا لادینی ایجنڈا پھیلانا چاہتی ہے تو ہم ان کو بھی بتانا چاہتے ہیں کہ آج بھی مسلمانان اسلام جمعیت علماء اسلام کے اشارے کیلئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے جو آواز بلند کی ہے وہ قوم کی آواز ہے اور آج جمعیت علماء اسلام اسی وجہ سے میدان میں نکلی ہے اور عوام کو جماعت کے ساتھ دینا انتہائی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک بنانے کے دوران بھی یہ بتایا گیا تھا کہ ہم ایسا ملک بنائینگے جہاں پر اسلامی نظام کے سوا کوئی اور نظام نہیں ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 355313

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/355313/مذاکرات-کے-نام-پر-قوم-کو-بیوقوف-بنایا-گیا-اسی-وجہ-سے-حصہ-نہیں-بنے-جے-یو-آئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org