0
Friday 28 Feb 2014 10:01

کوئٹہ، بجلی بچت مہم کیلئے کیسکو کی ٹیمیں 6 لاکھ انرجی سیورز تقسیم کریںگی

کوئٹہ، بجلی بچت مہم کیلئے کیسکو کی ٹیمیں 6 لاکھ انرجی سیورز تقسیم کریںگی

اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے وزیراعظم انرجی سیور پروگرام کے تحت گھریلو صارفین کیلئے انرجی سیورز مفت تقسیم کرنے کا عمل شروع کرلیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کیسکو کی ٹیمیں صوبہ بھر کے تمام گھریلو صارفین میں 6 لاکھ انرجی سیورز تقسیم کریں گی۔ وزیراعظم انرجی سیورز پروگرام کے تحت باقاعدگی سے بل جمع کرانے والے تمام گھریلو صارفین کو بل کے اوپری حصے پر صارف کی تصدیق کے بعد فی صارف کو 2 عام بلب جمع کرانے کے بعد دو انرجی سیورز مفت دئیے جا رہے ہیں۔ انرجی سیورز تقسیم کرنے کے پروگرام کیلئے سینٹرل سرکل (کوئٹہ) میں سپرنٹنڈنگ انجینئر اشرف ترین، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اور پشین ڈویژن کے متعلقہ علاقوں کے لئے سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالرحیم حمزہ زئی، خضدار، قلات، نوشکی، تربت ڈویژن کیلئے سپرنٹنڈنگ انجینئر نصراللہ بلوچ جبکہ سبی، نصیرآباد، جعفرآباد اور جھل مگسی ڈویژن کیلئے سپرنٹنڈنگ انجینئر عبدالغفور لانگو فوکل پرسن نامزد کر دئیے گئے ہیں۔ جو اپنے اپنے متعلقہ ڈویژن کی حدود میں موجود صوبہ کے تمام علاقوں پر مشتمل 44 سب ڈویژنوں کے صارفین میں انرجی سیورز کی تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں تاکہ تمام گھریلو صارفین میں انرجی سیورز جلد از جلد تقسیم کرکے "وزیراعظم انرجی سیورز پروگرام" کو عملی جامہ پہنا کر لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی بچت مہم کو کامیاب بنائیں۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں بھی مفت انرجی سیورز کی تقسیم کا آغاز ہو گیا ہے۔ صارفین اپنے بل کے اوپری حصے کو کیسکو کے متعلقہ نمائندے سے تصدیق کرکے 2 عدد بلب کے بدلے 2 انرجی سیورز مفت حاصل کریں۔ صارفین کی اطلاع کے لئے ضروری ہے کہ اگر کسی کو انرجی سیورز نہ ملے ہوں تو اپنے بل پر درج شدہ ایس ڈی او یا دفتری نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم انرجی سیور پروگرام سے ملکی سطح پر سالانہ 1000 میگاواٹ بجلی کی بچت کے علاوہ صارفین کو بل کی مد میں سالانہ 1600 روپے کی بچت ہوگی۔

خبر کا کوڈ : 356372
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش