0
Sunday 2 Mar 2014 13:21

ملک میں غیر ریاستی عناصر موت کا دھندا کر رہے ہیں،چیف جسٹس

ملک میں غیر ریاستی عناصر موت کا دھندا کر رہے ہیں،چیف جسٹس
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہا ہے کہ آئین مقدس دستاویز ہے جو شہریوں کو ان کی مرضی کی زندگی گزارنے کا یقین دلاتی ہے۔ ایف سی کالج لاہور کی 150 سالہ تقریبات کے سلسلے میں عشائیے سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ آئین عوام کو اقدار اور اصول کے مطابق زندگی گزارنا سکھاتا ہے، اس وقت یہ اقدار اور اصول خطرے سے دوچار ہیں، پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، ملک میں غیر ریاستی عناصر موت کا دھندا کر رہے ہیں، مذہب اور لسانیت کے نام پر موت بانٹی جا رہی ہے، نوجوانوں کو ان چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا، قتل وغارت اور دہشت گردی کے واقعات عوام کو نیا پاکستان بنانے سے نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے حق کیلیے ضرور بولنا چاہیے، اگر وہ صحیح اور حق کی بات نہیں کریں گے تو دوسرے ان پر اپنی مرضی مسلط کر دیں گے، جدید تعلیم حاصل کرنے والے کھلا ذہن رکھتے ہیں، اس سے دور رہنے والے عسکریت پسندی سے متاثر ہوتے ہیں۔ ملک میں جاری تشدد کی لہر کی وجہ لبرل ایجوکیشن سے دوری ہے، عوام کو متاثر کرنے کیلیے سوشل میڈیا جمہوریت سے بھی بڑا ذریعہ ہے۔ انھوں نے ایف سی کالج سے وابستہ اپنی یادوں کا تذکرہ بھی کیا۔ تقریب سے شوکت ترین، امریکی سفارت کار نینا ماریہ، ایم ایس بابر، احمد سعید، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔ کالج کے 3 سابق طلبہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد، لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ فاروق اور میجر جنرل ریٹائرڈ نوئبل آئی کھوکھر کو قومی خدمات انجام دینے پر ایوارڈ دیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 357120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش