0
Sunday 2 Mar 2014 14:01

دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پولیس اور خفیہ اداروں کا بجٹ بڑھانے کا فیصلہ

دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پولیس اور خفیہ اداروں کا بجٹ بڑھانے کا فیصلہ
رپورٹ: ابو فجر

قومی سلامتی کی نئی پالیسی کی روشنی میں وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں پولیس، سول اور فوجی انٹیلی جنس اداروں کیلئے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ماضی کی طرح صرف فوج پر ہی انحصار نہ کیا جائے، فوجداری انصاف کا نظام بہتر بنانے اور گواہوں کو تحفظ دینے کی بھی ضرورت ہے۔ صوبوں نے اس حوالے سے اپنی اپنی قانون سازی کی ہے، تاہم اس پر عمل درآمد موثر انداز میں نہیں ہو رہا۔ قومی داخلی سلامتی پالیسی میں کہا گیا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے فوج اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر مکمل انحصار کیا جو ایک بڑی کمزوری تھی۔ اس کیلئے چاہئے یہ تھا کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ایک جامع اپروچ اختیار کی جاتی، اس کے ساتھ ساتھ پولیس اور دیگر سویلین قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے اضافی بجٹ مختص کیا جانا ضروری ہے، تاکہ وہ اپنے آپ کو جدید ترین ہتھیاروں اور آلات سے لیس کر سکیں۔ 

قومی سلامتی پالیسی میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ان مہارتوں میں بہتری کی ضرورت ہے جبکہ ایڈوانس ٹیکنالوجی آج کے دور میں اہم ہے، پالیسی میں پاکستان کے فوجداری انصاف کے نظام پر بھی کڑی تنقید کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ موجودہ فوجداری کیسز میں انصاف کا نظام انتہائی بوسیدہ ہے اور ایسے نظام میں داخلہ سلامتی کو درپیش خطرات کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ یہ بات انتہائی تشویش کا باعث ہے کہ دہشت گردی کے زیادہ تر کیسز کی سماعت ہی نہیں ہوئی، ایسے کیسز کی بنیادی تحقیقات کا نظام اور عمل بھی موجود نہیں۔ پولیس میں ایسے کیسز کی تیاری کی صلاحیت اور اہلکاروں کو طریقہ کار سے آگاہی بھی نہیں، جس کی وجہ سے دہشت گردوں کو عدالتوں سے کم ہی سزا ملتی ہے۔ پالیسی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام اور سرکاری اداروں میں اعتماد کا بہت فقدان ہے اور لوگ ڈر اور خوف کی وجہ سے دہشت گردی کے کیسز میں گواہ بننے کو تیار نہیں ہوتے، حال ہی میں صوبوں نے گواہوں کے تحفظ کے لئے بلز متعارف کرائے ہیں، مگر ان پر موثر طریقے سے عمل ہی نہیں ہو رہا۔
خبر کا کوڈ : 357131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش