0
Sunday 2 Mar 2014 17:13

چین توانائی کے شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا

چین توانائی کے شعبے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا
اسلام ٹائمز۔ وفاق ایوانہائے تجارت وصنعت پاکستان کے صدر زکریا عثمان نے ایف پی سی سی آئی کا دورہ کرنے والے چین کے بڑے تجارتی وفد سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ چین نے پاکستانی عوام کو توانائی بحران سے چھٹکارا دلانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے شعبہ توانائی میں 20 ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔  زکریا عثمان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے چین کے ساتھ ہمیشہ سے تجارتی تعلقات کو خصوصی اہمیت دی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاک چین تجارت کی مالیت 12.41 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی ہے جس میں سے پاکستان کی چین کے لیے برآمدات کی مالیت 3.14 ارب ڈالر جبکہ چین کی پاکستان کے لیے برآمدات کی مالیت 9.27 ارب ڈالر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستانہ تجارتی تعلقات انتہائی آزمودہ، سمندر سے زیادہ گہر ے اور پہاڑوں سے زیادہ بلند ہیں، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعاون کے نتیجے میں دونوں ملکوں میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، پاکستان اور چین کے درمیان اکنامک کوریڈور بڑی کامیابی ہے جس سے باہمی تجارتی سرگرمیوں میں ریکارڈ اضافے کے امکانات ہیں۔ زکریا عثمان نے کہا کہ وہ فیڈریشن میں اپنی مدت صدارت کے دوران چین کو ایک اہدافی مارکیٹ کی حیثیت دیں گے اور سال 2014 میں ایف پی سی سی آئی چین میں 10 سے زیادہ تجارتی نمائشوں میں پاکستان کی بھرپور انداز میں شرکت کا انتظام کرے گا، جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے کیے جائیں گے۔

اس موقع پرچینی تجارتی وفد کے سربراہ چین ہانگ کئی نے کہا کہ باہمی تجارت خوش کن ہونے کے باوجود اب بھی دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری و تجارت کے لاتعداد مواقع موجود ہیں، گزشتہ چند سال میں پاکستان نے متعدد ترجیحی تجارتی پالیسیاں متعارف کرائیں جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع حاصل ہوئے اور وہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ چینی وفد نے یقین دلایا کہ چین پاکستان سے تجارت وسرمایہ کاری کے تعاون کوتوسیع دینے کے لیے مشترکہ طور پر جدوجہد کرے گا۔ فیڈریشن کے نمائندوں نے چینی وفد کو بتایا کہ جون 2014 میں ایف پی سی سی آئی کا تجارتی وفد کنمنگ اور چنگڈو کی نمائشوں میں شر کت کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 357151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش