QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی،اے این پی اور جمعیت علماء اسلام نے اتحاد کر لیا

3 Mar 2014 00:15

اسلام ٹائمز: پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سہ فریقی اتحاد کے صدر مولانا عطاءالرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تاخیری حربے چھوڑ کر جلد از جلد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے بنائے گئے جمعیت علماء اسلام، پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی پر مشتمل سہ فریقی اتحاد کے صدر اور جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا عطاءالرحمن نے کہا ہے کہ جتنے عرصے میں تحریک انصاف نے مقبولیت کھوئی ہے اب تک کسی حکومت نے نہیں کھوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سہ فریقی اتحاد کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اس اتحاد کے سینئر نائب صدر فیصل کریم خان کنڈی (پاکستان پیپلز پارٹی)، جنرل سیکرٹری صدر الدین مروت (اے این پی)، سابق ایم پی اے نجم الدین، سابق ایم پی اے مظہر جمیل خان علیزئی، باز محمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا عطاءالرحمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا انتخابات میں تینوں جماعتیں مشترکہ امیدوار سامنے لائیں گی۔ اس سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں اتحاد کے صدر جے یو آئی کے قاری قاسم، جنرل سیکرٹری پی پی پی کے اورنگزیب ایڈووکیٹ اور پریس سیکرٹری اے این پی کے فیض اللہ وزیر ہونگے۔ ٹانک میں اتحاد کے صدر پی پی پی کے ہدایت اللہ خان گنڈہ پور، جنرل سیکرٹری جے یو آئی کے محمود جان بھٹنی، جبکہ پریس سیکرٹری اے این پی کے دلاور بھٹنی ہونگے۔ لکی مروت میں جے یو آئی کے حاجی مسلم عیسی خیل صدر، ہنگو میں جے یو آئی کے مفتی جنان اتحاد کے صدر جبکہ اے این پی کے کوثر خان جنرل سیکرٹری ہونگے۔ مولانا عطاءالرحمن نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے اندر بلدیاتی انتخابات میں سہ فریقی اتحاد کی جیت ہوگی اور ہمارا اتحاد دیرپا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 357226

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/357226/خیبر-پختونخوا-بلدیاتی-انتخابات-میں-پیپلز-پارٹی-اے-این-پی-اور-جمعیت-علماء-اسلام-نے-اتحاد-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org