QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، نواز شریف عوامی سیلاب میں بہہ جائینگے، فدا حسین بلوچ

5 Mar 2014 19:09

اسلام ٹائمز: واپڈا کی نجکاری کیخلاف واپڈا ہائیڈرو لیبر یونین اور اپیکا کے مشترکہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈنیشن کونسل کے صدر نے کہا ہے کہ حکمران اربوں روپے لوٹ رہے ہیں اور مورد الزام مزدوروں کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیسکو واپڈا کی نجکاری کے خلاف واپڈا ہائیڈرو لیبر یونین اور آل پاکستان کوآرڈنیشن کونسل کے زیر اہتمام واپڈا دفاتر کی تالہ بندی کی گئی۔ اس موقع پر واپڈا ہاؤس میں واپڈا ہائیڈرو لیبر یونین اور آل پاکستان کوآرڈنیشن کونسل (ایپکا) نے چیئرمین محمد نواز گنڈہ پور، چیئرمین عظمت خان، آل پاکستان کوآرڈنیشن کونسل کے صدر فدا حسین بلوچ، خلیل احمد فاروقی، حاجی افضل، فرید اللہ شاہ، حاجی عبدالرؤف، بشیر احمد، حاجی غلام حسین، راجہ محمد اقبال، شاہنواز، یوسف شیخ، شجاع حیدر سمیت دیگر کی قیادت میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکاء نے حکومت کی جانب سے واپڈا کی نجکاری کیخلاف نعرے بازی کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فدا حسین بلوچ نے کہا کہ واپڈا کی نجکاری ملک کے مفادمیں نہیں۔ تمام ملازمین نجکاری کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو چکے ہیں۔ غریب ملازمین کے ساتھ اگر زیادتیوں کاسلسلہ بند نہ کیا گیا، تو میاں نواز شریف عوامی سیلاب میں بہہ جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے مسئلہ پر واپڈا ہائیڈرو اکیلی نہیں، ملک کے ستر فیصد ملازمین ایک ہو چکے ہیں۔ کوئی مائی کا لعل واپڈا کی نجکاری نہیں کر سکتا۔ حکمران اربوں روپے لوٹ رہے ہیں جبکہ اداروں کی بدحالی کا مورد الزام مزدوروں کو ٹھہرایا جا رہا ہے۔ حکمران نجکاری کے ذریعے اربوں روپے کمیشن حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین عظمت خان نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا غریب مزدوروں کیساتھ ہے۔ حکومت کی جنگ اس وقت نجکاری کے ذریعے مزدوروں کیساتھ ہے۔ مظاہرہ سے خلیل احمد فاروقی، حاجی افضل اور بشیر احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرشرکاء نے واپڈا کے ڈیرہ اسماعیل خان سرکل کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 358343

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/358343/ڈی-آئی-خان-نواز-شریف-عوامی-سیلاب-میں-بہہ-جائینگے-فدا-حسین-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org