0
Tuesday 31 Aug 2010 16:57

پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے قائد انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا مسلمانان عالم کے نام اہم پیغام

پاکستانی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے قائد انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا مسلمانان عالم کے نام اہم پیغام
اسلام ٹائمز [مانیٹرنگ ڈیسک]- قائد انقلاب اسلامی ایران حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسلمانان عالم کے نام اپنے پیغام میں ان سے پاکستان میں سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ پیغام اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا ہے۔ اس پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے:
باسم اللہ الرحمان الرحیم
عظیم امت مسلمہ،
سیلاب کا افسوسناک حادثہ جس نے پاکستان کے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو سخت مشکلات سے دوچار کر دیا ہے روز بروز نئی شکل اختیار کر رہا ہے۔ اس حادثے نے پاکستان کے شمال سے لے کر جنوب تک وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور کروڑوں انسانوں کو بے گھر کر چکا ہے۔ اس مصیبت کی وسعت باعث بنی ہے کہ امداد رسانی کا کام بھی سخت مشکلات کا شکار ہو جائے۔
پاکستان کی مسلمان قوم ایک ایسے وقت اس مصیبت کا شکار ہوئی ہے جب امریکہ کی جارح اور قابض فوج بھی مختلف بہانوں سے اس اسلامی ملک کی سرزمین کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔
عظیم مسلمان قومو،
سیلاب سے ہوئے نقصانات کی مقدار اس قدر زیادہ ہے کہ ہمارے اور آپ کے بھائیوں اور بہنوں کی غذا، لباس اور رہائش کی فوری ضروریات کے علاوہ پاکستان کے انفراسٹرکچر کا ایک بڑا حصہ بھی تباہ ہو چکا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ بین الاقوامی تنظیموں نے اپنے فرائض یعنی مصیبت زدہ انسانوں کی خدمت کو اچھی طرح انجام نہیں دیا ہے، جو خود اپنی جگہ قابل تحقیق اور سوچنے والی بات ہے۔
مسلمان بھائیو اور بہنو،
ہماری مدد چاہے جس مقدار میں ہو پاکستانی سیلاب زدگان کی ضروریات کے سمندر کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔ لیکن ہمیں چاہئے کہ ہم اس حساس موقع پر اسلامی بھائی چارے پر مبنی اپنے فرائض پر عمل کریں اور ان مصیبت زدہ بھائیوں اور بہنوں کی مدد کو دوڑیں۔ جس چیز کی طرف اسلامی حکومتوں اور بین الاقوامی تنظیموں کو خصوصی توجہ دینی چاہئے وہ پیش آمدہ مشکلات اور اس سے پیدا شدہ فوری اور دراز مدت اثرات سے مقابلہ کرنے کی صورت اور منصوبہ بندی میں پاکستانی حکومت کی مدد کرنا ہے۔ یہ ایسی چیز ہے جو ہر حکومت کیلئے ایمرجنسی حالات میں مکمل اور ہمہ جہت امداد رسانی کو مشکل بنا دیتی ہے۔
سید علی خامنہ ای
20 رمضان 1431 ھ ق۔
31 اگست 2010۔
خبر کا کوڈ : 35884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش