0
Saturday 8 Mar 2014 00:06

جماعت اسلامی نے غذائی اجناس سے بھرے دو امدادی ٹرک تھرپارکر روانہ کر دیئے

جماعت اسلامی نے غذائی اجناس سے بھرے دو امدادی ٹرک تھرپارکر روانہ کر دیئے
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی نے تھر پارکر کے قحط زدہ عوام کی امداد کے لیے ڈاکٹروں اور رضا کاروں کی ٹیم کے ہمراہ غذائی اجناس سے بھرے دو امدادی ٹرک تھر پارکر روانہ کر دیئے۔ امدادی ٹرک میں آٹا، دال، چاول، چینی، دودھ، ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضرورت شامل ہیں، تھر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی، مخیر حضرات تعاون کریں۔ اس بات کا اعلان جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر نصر اللہ خان شجیع، ڈپٹی سیکریٹریز عبد الرشید بیگ، راشد قریشی، ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی، الخدمت کے سیکریٹری انجینئر عبدالعزیز، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ تھر پارکر میں ہونے والی قحط سالی کی وجہ سے چند ہفتوں میں 120 تا 150 معصوم بچوں کی اموات نے ہر درد مند دل رکھنے والے کو مغموم کردیا ہے۔ غذا اور پانی کی قلت کی وجہ سے ہزاروں جانور بھی ہلاک ہوچکے ہیں، صوبائی حکومت کی جانب سے دی جانے والی گندم کی 60 ہزار بوریاں بھی گوداموں میں پڑی سڑ رہی ہیں، تھر کے عوام کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ نے تھر کے عوام کے لیے 10 کروڑ امداد کا اعلان کرکے مذاق کیا ہے، یہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے، اربوں روپے ناچ گانے پر خرچ کرنے والوں کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں، وزیر اعلیٰ اگر جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں تو انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے تھا، علامتی اقدامات کے ذریعے تھر کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت بلا امتیاز رنگ نسل وار مذہب کے تھر کے عوام کی خدمت کر رہی ہے، الخدمت کے تحت تھر میں 600 کنویں کھدوائے گئے ہیں، 22 اسکول قائم ہیں، جب کہ اب تک تھر کے عوام کی امداد پر ساڑھے چھ کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے سندھ میں الخدمت کا وسیع نیٹ ورک قائم ہے ہم تھر کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ آج امدادی ٹرک کے ہمراہ ڈاکٹروں اور رضا کاروں کی ٹیم بھی روانہ کی جارہی ہے، شہر بھر میں نمایاں مقامات پر ’’ تھر امدادی کیمپ ‘‘ قائم کردئیے گئے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک تنظیم اور الخدمت ایک این جی او ہے، یہ کام حکومتوں اور ریاستوں کے کرنے کا ہے، جو عوام سے ٹیکس لیتی ہے، ہم اس کے باوجود ہم امانتداری اور دیانتداری سے اپنا فلاہی کردار اد ا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیان کراچی نے ہمیشہ الخدمت کی امانت اور دیانت پر اعتماد کیا ہے، ہم آپ کے توسط سے عوام الناس بالعموم اور اہل خیر حضرات سے بالخصوص درد مندانہ اپیل کرتے ہیں کہ آزمائش کی اس گھڑی میں تھر کے باسیوں کا ساتھ دیجئے، دست تعاون دراز کیجئے اور جماعت اسلامی کے ’’ تھر امدادی فنڈ ‘‘ میں اپنا حصہ ملائیے۔ عطیات الخدمت کے امدادی کیمپس، جماعت اسلامی کے مقامی دفاتر یا مرکزی دفتر ادارہ نور حق میں جمع کراسکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 359229
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش