0
Thursday 2 Sep 2010 00:09

ملک پر دہشتگردوں کی حکومت ہے،جہاں چاہتے ہیں کارروائی کرتے ہیں،عباس کمیلی

ملک پر دہشتگردوں کی حکومت ہے،جہاں چاہتے ہیں کارروائی کرتے ہیں،عباس کمیلی
کراچی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق جعفریہ الائنس کے رہنما علامہ عباس کمیلی نے کراچی میں شہادت حضرت علی(ع) کے جلوس میں فائرنگ اور لاہور میں جلوس میں ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے بعض وزراء دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں،خصوصاً پنجاب کے وزیر قانون دہشت گردوں کے ساتھ گھومتے ہیں،یہ ڈالروں اور ریال کا کھیل ہے،دہشت گردی ملک کو توڑنے کی سازش ہے۔
وہ بدھ کو اپنی رہائش گاہ کے قریب پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر مولانا حسین مسعودی،سلمان یحییٰ اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے اس موقع پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا اور کہا کہ سوگ پورے ملک میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی(ع) کے یوم شہادت کے موقع پر تمام مکاتب فکر کے افراد موجود تھے،اس موقع پر جلوس میں بم دھماکا کرانے والے پاکستان کے دشمن ہیں،کل یہ لسانی بنیادوں پر ہو رہا تھا،اب فرقہ وارانہ بنیادوں پر ہوا،حکومت ان واقعات کا نوٹس کیوں نہیں لیتی،ایک تسلسل کے ساتھ ملک میں دہشت گردی کی وارداتیں ہو رہی ہیں،حکومت نے اس ضمن میں کیا تحقیقات کی ہیں،حکومت ہر بار کہتی ہے کہ ہم واقعے کی تہہ تک پہنچ گئے ہیں،مگر گرفتار افراد کو فرار کرا دیا گیا،ہمیں کہا گیا کہ ہمیں اعتماد میں لیا جائے گا،مگر ایسا نہیں ہوا،دہشت گردوں کی سرپرستی ہو رہی ہے،ملک میں دہشت گردوں کی حکومت ہے۔
اگر پولیس اور انتظامیہ کی ملی بھگت نہ ہو تو یہ واقعات نہ ہوں،انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی ایسی وارداتیں وہی طبقہ کر رہا ہے،جو مجالس اور میلاد کا مخالف ہے،جو اپنا عقیدہ زبردستی ہم پر تھوپنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کو یوم القدس کے جلوس پورے ملک میں نکلیں گے،خوف کی وجہ سے جلوس نہیں رکیں گے،اگر حکومت اپنا وجود برقرار رکھنا چاہتی ہے،تو یوم القدس پر فول پروف انتظام کرے،انہوں نے کہا کہ اہلسنت ہمارے بھائی ہیں،ہمارے دشمن نہیں ہیں۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے اپیل کی کہ سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کی جائے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نہ حکومت نے ہم سے رابطہ کیا نہ ہم نے حکومت سے رابطہ کیا حکومت بے بس ہے۔
خبر کا کوڈ : 35965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش