0
Sunday 9 Mar 2014 11:31

تھرپارکر میں خشک سالی کے باعث سینکڑوں دیہات خالی

تھرپارکر میں خشک سالی کے باعث سینکڑوں دیہات خالی
اسلام ٹائمز۔ تھرپارکر میں خشک سالی اور بیماریوں سے پریشان حال عوام نے دیگر علاقوں کا رخ شروع کر دیا ہے اور اب تک سینکڑوں دیہات خالی ہو چکے ہیں۔ صحرائے تھر میں خشک سالی اور حکومتی بے حسی نے مشکلات کو اس قدر بڑھا دیا ہے کہ متاثرین شہروں کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اسپتالوں میں غذائی قلت کے شکار مریض بچوں کی تعداد میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران 375 بچے سول اسپتال مٹھی لائے گئے۔ بھوک اور پیاس کی تکلیف سے بلکتے یہ بچے، تھرپارکر کے مختلف علاقوں سے غذائی قلت کا شکار ہو کر سول اسپتال مٹھی پہنچے ہیں۔ 

مائیں اپنے جگر گوشوں کو سینے سے لگائے ان کی صحت یابی کیلئے دعائیں کر رہی ہیں۔ ان حالات میں بھوک اور بیماریوں سے سسکتے عوام کیلئے امداد کے حکومتی دعوے ضرور سامنے آئے لیکن اب تک سرکاری گوداموں پر تالے لگے ہوئے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کھانے کیلئے ہی کچھ نہیں وہ بیمار بچوں کا علاج کیسے کرا سکتے ہیں۔ ادھر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کہتے ہیں کہ تھر میں بچوں کی اموات کو غلط اندازسے پیش کیا گیا۔ تھر میں زیادہ تر بچوں کی اموات شدید سردی کے باعث ہوئیں ،خشک سالی سے نہیں۔

حکومت اور مختلف اداروں اور تنظیموں کی جانب سے کی جانے والی امدادی کاروائیاں مٹھی شہر تک محدود تک ہو کر رہ گئی ہیں۔ اس وقت اصل مسائل دیہی علاقوں کے لوگوں کو درپیش ہیں جہاں کوئی امدادی ٹیم نہیں پہنچ سکی ہے۔ جبکہ ضلع کے دیگر بڑے شہروں اسلام کوٹ، ڈیپلو، چھاچھرو، نگر پارکر سمیت دیگر قصبوں سمیت کسی دیہات میں اب تک نہ کوئی میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی گشتی ٹیم یہاں پہنچ پائی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق صحرائے تھر میں قحط اور ادویات کی کمی کے باعث ایک جانب موت کا ننگا ناچ جاری ہے وہیں انتظامی سطح پر امدادی کارروائیاں بھی صرف ایک شہر تک ہی محدود ہے۔ گذشتہ 3 ماہ کے دوران تھرپارکر میں قحط، غذائی قلت اور مناسب طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں 120 سے زائد بچے موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ زندگی کی ڈور کو برقرار رکھنے کے لئے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے جس کے نتیجے میں گاؤں کے گاؤں خالی ہو گئے ہیں اور اب وہ ضلع کے شہروں میں جگہ جگہ بے یارومددگار پڑاؤ ڈالے بیٹھے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 359706
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش